آپریشن غضب للحق میں دہشت گردوں کو بھاری نقصان پہنچایا ، دفتر خارجہ

ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی کا کہنا ہے کہ افغان سرزمین سے دہشت گرد حملوں اور اشتعال انگیزی کے جواب میں دفاعی کارروائیاں کی گئیں۔کارروائیوں میں دہشت گرد تنظیموں کو بھاری نقصان پہنچایا گیا اور ان کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے یہ اقدامات اپنے دفاع کے حق کے تحت شہریوں اور خطے کے تحفظ کےلیے کیے،طالبان حکومت یا کسی دہشت گرد گروہ کی مزید اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا جائےگا۔
افغانستان کی غیر قانونی حکومت دہشت گردوں کی پشت پناہ ہے: عطا اللّٰہ تارڑ
انہوں نے کہا کہ خطے میں امن و استحکام چاہتےہیں،دہشت گردی کے مسئلے پر سفارتی کوششیں جاری رکھیں گے۔پاکستان کی خیر سگالی کو غلط سمجھا گیا اور افغان سرزمین سے حملوں میں اضافہ ہوا،افغان حکومت سے مطالبہ کیا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کی سرگرمیاں فوری روکی جائیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مطالبہ کیاکہ عالمی برادری طالبان حکومت پر دہشت گرد گروہوں کےخلاف ٹھوس کارروائی کےلیے دباؤ ڈالے،پاکستان اقوام متحدہ چارٹر کے تحت اپنے دفاع میں ہر مناسب اقدام کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
