اسلام آباد میں شدید بارش، برساتی نالے بپھر گئے، پانی گھروں میں داخل

اسلام آباد میں شدید بارش کے بعد برساتی نالے بپھر گئے، مختلف علاقوں میں سیلابی پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔

مارگلہ کی پہاڑیوں پر رات گئے ہونے والی موسلا دھار بارش کے نتیجے میں اسلام آباد کے کئی علاقوں، خصوصاً نیو چٹھہ بختاور اور نیو مل شرقی میں برساتی نالے طغیانی کا شکار ہو گئے، جس سے سیلابی ریلے گھروں میں داخل ہو گئے۔

متاثرہ علاقوں میں رہائشیوں کا قیمتی سامان، فرنیچر اور گاڑیاں پانی میں بہہ گئیں، جب کہ کئی افراد اپنے گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔

مزید علاقوں میں بھی صورتحال تشویش ناک رہی۔ بھارہ کہو، سواں اور پی ایچ اے فلیٹس میں بھی سیلابی پانی گھروں میں داخل ہونے کی اطلاعات ہیں۔

علاقہ مکینوں کے مطابق، کری گاؤں پل کے حفاظتی بند بھی متاثر ہوئے ہیں۔ نالوں میں آنے والی طغیانی سے جانور، گھریلو اشیاء اور دیہی ڈیری فارمز کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

ادھر پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق، آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مزید بارشوں کا امکان ہے، اور مون سون بارشوں کا چھٹا اسپیل 7 اگست تک جاری رہے گا۔

Back to top button