آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں شدید بارشوں کا خدشہ : این ڈی ایم اے

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں شدید بارشوں کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ جس سے شہری علاقوں میں سیلاب اور ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی میں وقفے وقفے سے تیز بارش متوقع ہے،جس کے باعث نالہ لئی میں طغیانی اور نشیبی علاقوں میں ممکنہ سیلابی صورت حال پیدا ہوسکتی ہے۔
ترجمان کا کہنا ہےکہ نالہ لئی کے قریب اور نشیبی علاقوں کے رہائشی خطرے کے سائرن پر فوری انخلاء کےلیے تیار رہیں اور متعلقہ اداروں سے تعاون کریں۔ این ڈی ایم اے اور دیگر ادارے بروقت اور مؤثر اقدامات یقینی بنارہے ہیں۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ لاہور، اٹک، چکوال، خوشاب، جہلم، سرگودھا، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد، اوکاڑہ، نارووال، قصور، شیخوپورہ اور حافظ آباد میں بھی شدید بارش کا امکان ہے، جس سے شہری علاقوں میں سیلاب اور ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
