ملک میں شدید بارشیں، اسلام آباد میں سیلاب کا خدشہ

ملک بھر میں بارشوں کا سلسلہ جاری، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سیلاب کا خدشہ، پنجاب کے مختلف شہروں میں چھتیں گرنے کے واقعات، وزیراعظم نے بلوچستان میں نقصانات کی رپورٹ طلب کرلی۔
بارشوں کے طویل سپیل سے اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال ہے، ریسکیو کو ہائی الرٹ کر دیا گیا۔
اسلام آباد انتظامیہ نے ایڈوائزری جاری کر دی، حکام کو سیلاب سے متعلق تمام ریسکیو کالز کو ترجیح دیئے جانے کی بھی تاکید، اسلام آباد میں بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے ای الیون، کرامڑی، سواں، بارہ کہو اور نالہ کورنگ اور دیگر علاقوں میں سیلاب کا خدشہ ہے۔
پنجاب کے مختلف شہروں چنیوٹ، گجرات، گوجرانوالہ، اور قصور میں چھتیں گرنے کے واقعات رونما ہوئے، راولپنڈی میں بھی تیز بارش ہوئی، گوجرانوالہ، ننکانہ صاحب، سانگلہ ہل، منڈی بہاؤالدین، چشتیاں، دنیا پور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں بھی آسمان سے کھل کر پانی برسا۔
آئی ایم ایف کا حقیقی ہدف
کوئٹہ، تربت، سبی، لسبیلہ سمیت بلوچستان کے متعدد علاقوں میں موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب، لسبیلہ کے علاقے اوتھل میں چھت گرنے سے تین بچے جاں بحق ہو گئے، وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ بلوچستان سے صوبے میں بارشوں سے نقصانات پر رپورٹ طلب کر لی ہے۔
تاہم پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارشوں کے باعث حادثات میں دو بچوں اور خاتون سمیت 7 افراد جاں بحق جبکہ 12 زخمی ہوئے۔
