پنجاب میں شدید بارشوں کا امکان، شہریوں کو احتیاط کی ہدایت

صوبہ پنجاب کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب میں شدید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے عرفان کاٹھیا کے مطابق مون سون بارشوں کا سلسلہ 10 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے، جب کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب کے کئی علاقوں میں شدید بارشیں متوقع ہیں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری آسمانی بجلی سے بچاؤ کے اقدامات کریں، کچے یا خستہ حال مکانوں میں قیام سے گریز کریں، بارش کے دوران گاڑی احتیاط سے چلائیں اور محفوظ فاصلہ برقرار رکھیں۔
علاوہ ازیں ترجمان عرفان کاٹھیا نے شہریوں کو کسی بھی ہنگامی صورت حال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 سے فوری رابطہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
