خیبر پختونخوا میں بارشوں نے تباہی مچا دی،9 افراد جاں بحق،47 زخمی

خیبر پختونخوا میں حالیہ بارشوں کے باعث گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے کے واقعات میں اب تک 9 افراد ہلاک اور 47 زخمی ہو گئے ہیں۔
پی ڈی ایم اے خیبر پختونخوا کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق 25 مارچ سے اب تک صوبے کے مختلف اضلاع میں جانی و مالی نقصان ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ہلاک شدگان میں 8 بچے اور ایک خاتون شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 26 مرد اور 21 بچے شامل ہیں۔ بارشوں کے باعث مجموعی طور پر 6 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔
حادثات زیادہ تر ضلع بنوں اور شمالی وزیرستان میں پیش آئے۔پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
پی ڈی ایم اے کی ہدایت کے مطابق سب سے زیادہ متاثرہ ضلع بنوں میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو فوری امداد فراہم کی جائے اور ضلعی انتظامیہ امدادی سرگرمیوں کو تیز کرے۔
ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارش اور برفباری کی پیش گوئی
بارشوں کا سلسلہ صوبے کے مختلف اضلاع میں وقفے وقفے سے جاری ہے اور توقع ہے کہ یہ منگل تک جاری رہیں گی۔
پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ بلاوجہ سفر سے گریز کریں، حساس سیاحتی مقامات پر نہ جائیں اور حکومتی الرٹس اور ایڈوائزری پر عمل کریں۔
پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے اور کسی بھی ناگہانی صورتحال یا موسمی اطلاعات کے لیے عوام ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
