شدید برف باری، وادی تیراہ میں پاک فوج کا ریلیف آپریشن جاری

شدید برف باری کے باعث وادی تیراہ میں پاک فوج کی جانب سے فوری اور مؤثر ریلیف سرگرمیاں جاری ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مسلسل اور شدید برف باری کے سبب تیراہ میں معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ پاک فوج مقامی آبادی کی مدد اور روزمرہ زندگی کی بحالی کے لیے کئی روز سے بلا تعطل ریلیف آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے۔
ریلیف کارروائیوں کے دوران برف میں پھنسنے والی متعدد گاڑیوں کو بحفاظت نکال کر محفوظ مقامات تک منتقل کیا گیا۔
خراب موسمی حالات اور مواصلاتی رکاوٹوں کے باوجود پاک فوج اور ایف سی کے افسران و جوان ذاتی طور پر امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔
امدادی اقدامات کے تحت متاثرہ خاندانوں کو کھانے پینے کی اشیا، کمبل اور ہنگامی طبی سہولیات سمیت دیگر ضروری سامان فراہم کیا جا رہا ہے۔
پاک فوج کی بروقت اور پیشہ ورانہ حکمت عملی کے باعث علاقے میں اہم زمینی رابطے بحال کر دیے گئے ہیں۔ سخت موسمی حالات میں امدادی سرگرمیوں پر مقامی شہریوں نے سیکیورٹی فورسز کی کاوشوں کو سراہا۔
پاک فوج مقامی آبادی کی فلاح و بہبود، امن کے قیام اور معمولاتِ زندگی کی بحالی کے عزم پر قائم ہے۔
