پاکستان اور IMFمیں اصلاحات پراتفاق ہوگیا

پاکستان اور  انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان مذاکرات میں اصلاحات اور ان کیلئے کیے جانے والے اقدامات پر اتفاق رائے ہوگیا۔

باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے آئی ایم ایف مشن چیف کی وفد کے ہمراہ ملاقات ہوئی، آئی ایم ایف مشن چیف نے وزیر خزانہ کو  مذاکرات میں اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا، آئی ایم ایف مشن چیف نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے کہا کہ مذاکرات کا میوچل اکنامک اینڈ فِسکل پالیسی (ایم ای ایف پی) مسودہ مرتب کر رہے ہیں، ایم ای ایف پی کا ڈرافٹ آج فائنل کر لیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم مشن چیف نے بتایا کہ آج کے مذاکرات میں فسکل پالیسیوں پر تفصیلی بات چیت ہوئی، مذاکرات میں اصلاحات اور ان کے نتیجے میں کیے گئے اقدامات پر اتفاق رائے پایا گیا ہے، آئی ایم ایف وفد اور پاکستان کے درمیان مذاکرات کا آج نواں روز تھا اور کل آخری روز ہے۔

قبل ازیں وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا نے کہا تھا کہ حکومت اور آئی ایم ایف وفد سے مذاکرات میں ہونے والے فیصلوں کی وزیر اعظم سے منظوری لے لی گئی ہے۔ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ پاکستان کی ضرورت ہے، آئی ایم ایف سے مذاکرات میں اب چیزوں کے اختتام کی جانب بڑھ رہے ہیں۔

دوسری جانب آئی ایم ایف وفد نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی اس موقع پر وزیر خزانہ، معاون خصوصی خزانہ، وزارت خزانہ، وزارت توانائی کے حکام بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے آئی ایم ایف وفد سے معاشی صورتحال پر بات چیت کی، اس کے علاوہ معاہدے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعظم شہباز شریف نے وفد کو پروگرام مکمل کرنے اور اہداف پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرا دی۔

ذرائع کے مطابق حکومت نے آئی ایم ایف وفد کو اعتماد بحال کرنے کیلئے ضروری اقدامات کی بھی یقین دہانی کروائی، وزیرخزانہ نے وفد کو معاشی صورتحال سے آگاہ کیا جبکہ توانائی حکام نے وزیراعظم کو نظرثانی شدہ گیس مینجمنٹ پلان پیش کیا۔

Back to top button