ہانگ کانگ سکسز: پاکستان نے آسٹریلیا کو ایک رن سے ہراکر فائنل میں جگہ بنا لی

ہانگ کانگ سکسز ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد آسٹریلیا کو ایک رن سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔

چھ اوورز فی اننگز پر مشتمل اس تیز رفتار میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 121 رنز اسکور کیے۔ جواب میں آسٹریلوی ٹیم 6 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 120 رنز ہی بنا سکی۔

پاکستان کے خواجہ نافع شاندار کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔ انہوں نے صرف 14 گیندوں پر 50 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی اور بعد ازاں ریٹائرڈ ہرٹ ہو گئے۔

گرین شرٹس کی جانب سے شاہد عزیز، عباس آفریدی اور محمد شہزاد نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

دوسرے سیمی فائنل میں کویت نے انگلینڈ کو 37 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ کویت نے مقررہ 6 اوورز میں 142 رنز بنائے، جب کہ انگلینڈ کی ٹیم 105 رنز ہی بنا سکی۔

یوں ہانگ کانگ سکسز ٹورنامنٹ کا فائنل پاکستان اور کویت کے درمیان کھیلا جائے گا۔

Back to top button