امید ہے غزہ میں جلد امن قائم ہوگا، وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ ڈیووس کا دورہ انتہائی کامیاب رہا، امید ہے غزہ میں جلد امن قائم ہوگا۔
لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان کو غزہ بورڈ آف پیس میں شمولیت کی دعوت ملی، جس پر وفاقی کابینہ نے مشاورت کے بعد فیصلہ کرنے کا اختیار مجھے دیا تھا۔ اب فلسطینیوں کو عزت اور وقار کے ساتھ ان کے حقوق ملیں گے۔
شہبازشریف کا مزید کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے، جبکہ ایم ڈی آئی ایم ایف کے ساتھ ملاقات شاندار رہی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ ایم ڈی آئی ایم ایف نے پاکستان کی معاشی اصلاحات کو سراہا ہے۔
واضح رہے وزیراعظم شہباز شریف سوئٹرز لینڈ کے شہر ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم میں شرکت کے بعد لندن پہنچے تھے۔
شہباز شریف نے ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم سے خطاب کرنے کے ساتھ ساتھ صدر ٹرمپ کے ساتھ غزہ بورڈ آف پیس میں شمولیت کے مسودے پر دستخط بھی کیے۔
