امید ہےپاکستان کیساتھ عسکری تعلقات جاری رہیں گے
امریکہ کے محکمہ دفاع نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ مضبوط عسکری تعلقات کے تسلسل کے لیے پرعزم ہیں،اورامید کرتے ہیں کہ پاکستان کے ساتھ اچھے عسکری تعلقات جاری رہیں گے۔
پینٹاگون کے ترجمان جان کربی نے واشنگٹن میں میڈیا بریفنگ کے دوران پاکستان کے اندرونی سیاسی معاملات پر ردعمل دینے سے گریز کرتے ہوئےکہا جنوبی ایشیا میں امن اور استحکام کے حوالے سے امریکا اور پاکستان کے مشترکہ مفادات ہیں، ہمارے پاکستان سے اچھے عسکری تعلقات ہیں اور ہم ان میں تسلسل کے لیے پرعزم ہیں۔انہوں نے کہا ہمیں اس بات کا اعتراف ہےکہ پاکستان اور پاکستانی عوام ملک میں دہشت گرد حملوں سے متاثر ہوئے ہیں اور پاکستان کا خطے میں بنیادی کردار رہا ہے۔
جان کربی سے جب عمران خان کے پاکستانی حکومت کی تبدیلی میں امریکا کے ملوث ہونے کے الزام اور شہباز شریف کے وزیراعظم بننے پر سوال کیا گیا تو انہوں نے اس کا جواب دینے سے معذرت کرلی۔ انہوں نے کہا
میں پاکستان کے اندرونی سیاسی معاملات پرکوئی بات نہیں کروں گا، فوجی مداخلت کے سوال کے جواب میں بھی جان کربی نےکہا کہ وہ پاکستان میں اندرونی سیاست پر کوئی بات نہیں کریں گے۔
کیا عمران کے جاتے ہی امریکی ڈرون حملے شروع ہو گئے؟
یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں وائٹ ہاؤس کی ترجمان کی جانب سے کہا جاچکا ہےکہ جمہوری پاکستان امریکی مفادات کے لیے اہم ہے۔
خیال رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان اپنے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے اور حکومت کی تبدیلی میں امریکی سازش کو مورد الزام ٹہھرا رہے ہیں تاہم امریکا کی جانب سے متعدد بار اس کی تردید کی جاچکی ہے۔