خیر پور میں خوفناک ٹریفک حادثہ 11 جانیں نگل گیا

سندھ کے ضلع خیرپور کے علاقے ٹنڈو مستی کے قریب قومی شاہراہ ایک بار پھر خون سے رنگ گئی، جہاں ایک ہولناک ٹریفک حادثے نے 11 قیمتی جانیں نگل لیں۔ مسافر کوچ اور ٹریلر کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 10 افراد شدید زخمی بھی ہوئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق تیز رفتار کوچ اوورٹیکنگ کی کوشش میں بے قابو ہو کر ٹریلر سے جا ٹکرائی۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ کوچ کا ڈرائیور اور کنڈیکٹر بھی موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ جاں بحق اور زخمی افراد کو فوری طور پر سول اسپتال خیرپور منتقل کیا گیا۔ بدقسمت کوچ پنجاب سے کراچی جا رہی تھی کہ راستے ہی میں قیامت بن گئی۔
واقعے کے بعد آئی جی سندھ نے ایس ایس پی خیرپور کو فوری طور پر پولیس نفری جائے حادثہ پر بھیجنے کی ہدایت جاری کی اور امدادی سرگرمیوں کو ہر صورت یقینی بنانے کا حکم دیا۔
یہ افسوسناک سانحہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب ایک روز قبل کاٹھور کے قریب بھی آئل ٹینکر، بس اور دیگر گاڑیوں کے درمیان ہولناک تصادم میں 13 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔ پولیس کے مطابق انصاری پل کے قریب تیز رفتار بس رانگ وے پر آ گئی تھی اور سامنے سے آنے والے آئل ٹینکر سے جا ٹکرائی، جس کے بعد کئی گاڑیاں اس حادثے کی زد میں آ گئیں۔ ایک مسافر وین کی چھت پر بیٹھے افراد پل سے نیچے جا گرے، جس سے جانی و مالی نقصان میں مزید اضافہ ہوا۔
مسلسل پیش آنے والے یہ حادثات سوال اٹھا رہے ہیں کہ قومی شاہراہوں پر تیز رفتاری اور لاپرواہی کا یہ سلسلہ آخر کب رکے گا؟
