حوثیوں کااسرائیل  کابحری جہاز غرق کرنےکادعویٰ

یمن میں حوثی اکثریت پر مبنی تنظیم انصار اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے بحیرہ احمر میں ایک بحری جہاز کو نشانہ بنا کر مکمل طور پر غرق کر دیا ہے۔

 تنظیم کے ترجمان کے مطابق "میجک سیز” نامی یہ مال بردار جہاز اسرائیل کی طرف روانہ تھا اور بارہا مقبوضہ فلسطینی بندرگاہوں میں داخلے پر عائد پابندیوں کی خلاف ورزی کر چکا تھا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ جہاز کو بیلسٹک میزائلوں، تین ڈرونز اور دو ریموٹ کنٹرول کشتیوں کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، اور یہ حملہ انصار اللہ کی جانب سے اسرائیل مخالف پابندی کی خلاف ورزی پر کیا گیا۔

حوثی ترجمان نے واضح کیا کہ جب تک غزہ پر اسرائیلی جارحیت جاری رہے گی، ان کی جانب سے فلسطینیوں کی حمایت بھی جاری رہے گی، اور اسرائیل یا اس کے حامیوں کے لیے کام کرنے والے ہر بحری جہاز کے خلاف طاقت کا استعمال کیا جائے گا۔

دوسری جانب، عرب میڈیا کے مطابق گزشتہ روز بحیرہ احمر میں یمن کے ساحل کے قریب ایک لائیبیریا کے پرچم بردار بحری جہاز پر حملہ کیا گیا تھا۔ حملے میں دو چھوٹی کشتیوں سے فائرنگ اور گرنیڈز کے ذریعے کارروائی کی گئی تھی۔

Back to top button