غلط اردو بولنے پر بلاول نے عمران کا رگڑا کیسے نکالا؟

وزیر اعظم عمران خان اکثر اپنی بدزبانی کی وجہ سے تنقید کی زد میں رہتے ہیں تاہم اس مرتبہ انہیں بلاول بھٹو کی غلط اردو کا مذاق اڑانا مہنگا پڑ گیا ہے۔ وزیر اعظم نے اپنی ایک تقریر میں بلاول بھٹو کی اردو کو ہدف تنقید بنایا تو بلاول نے بھی وزیر اعظم کو آئینہ دکھاتے ہوئے ان کی غلط اردو بولنے کی کئی ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کر دیں اور پوچھا کہ کیا آپ مجھے اردو سکھائیں گے؟
یاد رہے کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو 8 مارچ کی شب اسلام آباد لانگ مارچ کے شرکاء سے خطاب میں اردو کا ایک جملہ اُلٹا بول گے تھے جس کے بعد وزیراعظم عمران خان نے اپنی ایک تقریر میں ان کا مذاق اڑانے کی کوشش کی تھی اور آصف زرداری سے کہا تھا کہ خدا کا واسطہ ہے اپنے بیٹے کو اردو تو سکھا دو۔ بلاول نے کراچی سے 27 فروری کو نکلنے والے عوامی مارچ کے اسلام آباد پہنچنے پر خطاب کے دوران کہا تھا کہ ان کے مارچ سے دارالحکومت میں ’کانپیں ٹانگ رہی ہیں‘۔
دراصل وہ یہ کہنا چاہ رہے تھے کہ ان کے پریشر سے حکومت کی ’ٹانگیں کانپ رہی ہیں‘۔ بلاول بھٹو کے اُلٹے جملے پر سوشل میڈیا پر میمز کا طوفان امڈ آیا اور ’کانپیں ٹانگ رہی ہیں‘ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا، اس تقریر کے اگلے دن عمران خان نے کراچی میں خطاب کے دوران آصف زرداری کو ہاتھ جوڑ کر خدا کا واسطہ دیا اور کہا کہ کم از کم اہنے بیٹے کو اردو بولنا تو سکھا دو۔ تحریک انصاف والوں نے بھی اس جملے کا خوب مذاق بنایا، اور اس پر طرح طرح کی میمز شیئر کیں۔ وزیر اعظم نے بلاول بھٹو کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی انگریز ہو تو وہ بھی دو سال میں اردو بولنا سیکھ جاتا ہے۔
وزیر اعظم عمران خان کا بلاول کو اردو سکھانے کا مشورہ زبان زد عام ہوا تو بلاول نے بھی وزیراعظم کی تنقید کا جواب ٹوئٹر پر ایک ویڈیو کی شکل میں دیا جو دیکھتے ہی دیکھتے خوب وائرل ہو گئی۔ بلاول کی جانب سے یہ ویڈیو میمز کی شکل میں شیئر کی گئی جس میں عمران خان کی مختلف تقاریر میں بولے گئے اردو کے بولے گے غلط فقرے شامل تھے جو انتہائی کوشش کے باوجود بھی وہ ٹھیک سے ادا نہیں کر سکے تھے۔
پیکا آرڈیننس کیس: صدر عارف علوی کا ٹوئٹ بطور ثبوت پیش
ویڈیو کے پہلے کلپ میں دکھایا گیا کہ عمران خان بار بار کوشش کے باوجود لفظ ’روحانیت‘ ٹھیک سے ادا نہیں کر پا رہے۔ ویڈیو میں شامل دوسرے کلپ میں وزیر اعظم کو پنجاب کے ضلع ’تونسہ‘ کو ’چونسہ‘ کہہ کر پکارتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ایک ویڈیو میں عمران لفظ خاتم النبیین بھی غلط بولتے ہیں۔ بطور وزیر اعظم عمران خان کی حلف برداری کی تقریب کی ویڈیو بھی وائرل ہے جس میں انہوں نے کئی غلطیاں کیں جنہیں ان سے حلف لینے والے سابق صدر ممنون حسین بار بار ٹھیک کرتے رہے۔
بلاول بھٹو نے یہ تمام ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے طنزیہ پوچھا کہ یہ موصوف مجھے اردو سکھا رہے ہیں۔ جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین اس میمز کی جنگ سے خوب لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ بلاول بھٹو کی شیئر کردہ ویڈیو کو ٹوئیٹر پر مختلف کیپشنز کے ساتھ شیئر کیا جا رہا ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ اپنی عزت اپنے ہاتھ میں ہوتی ہے، جب وزیر اعظم
دوسروں کا مذاق بنائیں گے تو وہ خود بھی مذاق بنیں گے۔
How did Bilawal get rid of Imran for speaking wrong Urdu?
