پاکستان نے رافیل طیاروں کو کیسے مار گرایا؟ برطانوی نیوز ایجنسی کی رپورٹ آگئی

پاکستان اور بھارت کے مابین اعصاب شکن جنگ کے دوران پاکستان نے بھارت کے رافیل طیاروں کو کیسے مار گرایا؟ برطانیہ کی نیوز ایجنسی نے اہم رازوں سے پردہ اٹھادیا۔
برطانیہ کی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق چینی ساختہ پی ایل 15 میزائل سے متعلق بھارتی انٹیلی جنس کی ناکامی رافیل کے گرنےکا سبب بنی،رافیل کی تباہی نے مغربی ساختہ جنگی ہتھیاروں کی کارکردگی پر سوالات کھڑےکر دیے۔
خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 7 مئی کی رات پاکستان ائیر فورس کے ریڈار پر بھارت کے درجنوں طیاروں کی پوزیشن دیکھی گئی، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو بھارتی حملےکے پیش نظر کئی دنوں سے آپریشن روم میں موجود تھے،بھارتی طیاروں کی نقل و حرکت دیکھنے کےبعد ائیر چیف نے چینی ساختہ جے 10 سی طیارے روانہ کرنےکا حکم دیا۔
ائیر چیف ظہیر احمد بابر سدھو نے خاص طور پر بھارت کے رافیل طیاروں کو نشانہ بنانے کا حکم دیا۔
نیوز ایجنسی کا کہنا ہےکہ ماہرین کے مطابق حالیہ جنگ میں 110 طیاروں نے حصہ لیا اور اس لڑائی کو دہائیوں میں دنیا کی سب سے بڑی فضائی جھڑپ تصور کیا جارہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان نے اس جنگ میں الیکٹرانک وار فیئر کے کامیاب حملے کا دعویٰ کیا تھا۔ اس جنگ کے بعد کئی ممالک کی جانب سے چینی لڑاکا طیاروں کی خریداری میں دلچسپی لی جا رہی ہے۔
