پاکستان نے انڈین رافیل کیسے گرائے؟ برٹش میڈیا نے بتا دیا

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز نے پاک بھارت جنگ میں پاکستانی فضائیہ کی جانب سے بھارتی ائیر فورس کے فرانسیسی ساختہ رافیل نامی جدید ترین لڑاکا طیارے مار گرانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ چینی ساختہ پی ایل 15 میزائل نے پاکستان کی اس بے مثال کامیابی میں اہم ترین کردار ادا کیا۔
رائٹرز کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چینی ساختہ پی ایل 15 میزائل بارے بھارتی انٹیلی جنس کی ناکامی رافیل جیسے جدید ترین لڑاکا طیاروں کے گرنے کا سبب بنی، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 7 مئی 2025 کی نصف شب پاکستان ایئر فورس آپریشن روم میں سرحد پار بھارت میں درجنوں دشمن طیاروں کی پوزیشنیں دیکھی گئیں۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو بھارتی حملے کے پیشِ نظر کئی دنوں سے آپریشن روم میں موجود تھے، بھارتی طیاروں کی نقل و حرکت دیکھنے کے بعد ایئر چیف نے چینی ساختہ جے 10 سی طیارے جوابی حملے کے لیے روانہ کرنے کا حکم دیا۔
برطانوی خبر ایجنسی رائٹرز کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی ایئر چیف نےحکم دیا کہ بھارت کے رافیل طیارے کو ٹارگٹ کیا جائے تاکہ انڈیا کا غرور خاک میں ملایا جا سکے۔ ظہیر سدھو کے احکامات بارے پاک فضائیہ کے ایک سینئر افسر نے انکشاف کیا کہ انہوں نے اپنے پائلٹس کو ہدایت کی تھی کہ ہمیں صرف رافیل طیارے ہی ٹارگٹ کرنے ہیں۔ پاکستانی ایئر چیف نے چینی ساختہ جے ٹین سی کے ذریعے بھارتی رافیل گرانے کا حکم دیا۔ چنانچہ 7 مئی کی شب پاک بھارت جنگ میں 110 طیاروں نے حصہ لیا، اس لڑائی کو دہائیوں میں دنیا کی سب سے بڑی فضائی جھڑپ قرار دیا جاتا ہے جس میں پاکستان نے بھارت کے رافیل طیارے مار گرائے تھے۔
یاد رہے کہ پاکستانی پائلٹس نے اپنی فضائی حدود کے اندر رہتے ہوئے رافیل طیاروں کو 200 کلو میٹر دور سے بھارتی فضائی حدود میں نشانہ بنایا تھا جس کے بعد فرانسیسی طیارہ ساز کمپنی کے شیئرز گر گئے تھے۔ رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق بھارتی حکام نے اعتراف کیا ہے کہ بھارتی انٹیلی جنس ناکامی کے باعث بھارتی پائلٹس کو غلط فہمی ہوئی جس کا نتیجہ رافیل طیاروں کی تباہی کی صورت میں نکلا۔ برطانوی خبر ایجنسی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پی ایل 15 میزائل کی رینج بھارتی اندازوں سے کہیں زیادہ نکلی۔ رافیل طیاروں کی تباہی نے مغربی ساختہ جنگی ہتھیاروں کی کارکردگی پر بھی سوالات کھڑے کر دیے، کیونکہ چائنیز ٹیکنالوجی استعمال کرنے والے پاکستان نے اس جنگ میں کامیاب الیکٹرانک وار فیئر حملے کا دعویٰ کیا تھا۔ اسی وجہ سے پاک بھارت جنگ کے بعد سے کئی ممالک چینی لڑاکا طیاروں کی خریداری میں دلچسپی لے رہے ہیں۔
خیال رہے کہ پاک بھارت جنگ کے دوران پاکستان ایئر فورس نے تین نئے ریکارڈ قائم کیے تھے۔ پہلا یہ کہ اس نے فرانس کے وہ مہنگے ترین لڑاکا طیارے تباہ کر دیے جو 1986 سے آج تک کسی جنگ میں نہیں گرائے جا سکے۔ پاکستان ایئر فورس کا دوسرا ریکارڈ چینی طیارے جے ٹین سی سے رافیل کو گرانا تھا‘ چین نے جے ٹین سی لڑاکا طیارہ 2003 میں بنایا تھا‘ جو 2025 تک نہ تو کسی جنگ میں استعمال ہوا اور نہ ہی اس نے کوئی مخالف جہاز گرایا۔ پاکستان نے جنگ میں جے ٹین سی استعمال کیے اور ان سے دنیا کے بہترین فائیٹر جیٹ رافیل گر دیے۔ تیسرا ریکارڈ یہ کہ پاکستان نے پہلی مرتبہ پی ایل 15 میزائیل بھی استعمال کیا جو چین نے 2012 میں بنایا تھا اور یہ بھی پہلے کسی جنگ میں ٹیسٹ نہیں ہوا تھا۔ تاہم بھارتی رافیل گرانے میں اہم ترین کردار پاکستانی پائلٹس کی مہارت کا تھا۔
