’’میرے پسندیدہ فیلڈ مارشل کیسے ہیں؟‘‘ وزیراعظم نے صدر ٹرمپ سے ملاقات کی تفصیلات بتا دیں

وزیراعظم شہباز شریف نے انکشاف کیا ہے کہ ڈیووس میں ہونے والی حالیہ ملاقات کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ان سے سوال کیا،
’’میرے پسندیدہ فیلڈ مارشل کیسے ہیں؟‘‘
وزیراعظم نے بتایا کہ انہوں نے جواب میں مہمانوں کی اگلی صف میں بیٹھے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جانب اشارہ کیا۔
امن بورڈ کے معاہدے پر دستخط کی تقریب کے دوران دنیا بھر کے ٹی وی چینلز نے وزیراعظم شہباز شریف اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو فیلڈ مارشل کی طرف اشارہ کرتے ہوئے دکھایا۔
دی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے ورلڈ اکنامک فورم کے ڈیووس اجلاس کے موقع پر امریکی صدر سے ہونے والی مختصر ملاقات کی تفصیلات بھی شیئر کیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس دوران انہوں نے غزہ کے لیے بورڈ آف پیس کے قیام کے اقدام پر صدر ٹرمپ کو سراہا، جسے انہوں نے جنگ سے متاثرہ خطے میں امن کی بحالی کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔
وزیراعظم کے مطابق ’’میں نے صدر ٹرمپ سے کہا کہ اگر وہ فلسطینی عوام کے لیے امن، وقار اور بنیادی حقوق کو یقینی بنانے میں کامیاب ہو جاتے ہیں اور غزہ کی تعمیر نو کا منصوبہ کامیابی سے آگے بڑھتا ہے تو تاریخ اسے ان کی عظیم وراثت کے طور پر یاد رکھے گی۔‘‘
اس موقع پر وزیراعظم نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں کمی لانے میں صدر ٹرمپ کے مؤثر کردار پر انہیں خراجِ تحسین بھی پیش کیا اور شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا ’’مسٹر پریذیڈنٹ، تاریخ آپ کو ایک ایسے عظیم رہنما کے طور پر یاد رکھے گی جس نے بروقت اور مؤثر مداخلت کے ذریعے خطے میں لاکھوں جانیں بچائیں۔‘‘
ملاقات کے ایک دلچسپ پہلو کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے بتایا کہ صدر ٹرمپ نے خود پاکستان کے آرمی چیف کے بارے میں دریافت کیا۔
وزیراعظم کے مطابق یہ مختصر ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی اور نہایت مثبت و تعمیری رہی۔
