پی ٹی آئی کی تحریک کیسے چلے گی؟عالیہ حمزہ لاعلم نکلیں

پی ٹی آئی پنجاب کی چیف آرگنائزرعالیہ حمزہ نے تحریک انصاف کی تحریک کے لائحہ عمل سے لاعلمی کااظہار کردیا۔
پی ٹی آئی پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ نے پارٹی قیادت سے سوال کیا ہے کہ عمران خان کی رہائی کے لیے تحریک کہاں سے اور کس حکمتِ عملی کے تحت شروع کی جائے گی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ انہیں اطلاع ملی ہے کہ عمران خان کی رہائی کے لیے کسی منصوبہ بندی کا اعلان کیا گیا ہے، مگر انہیں اس سے باقاعدہ طور پر آگاہ نہیں کیا گیا۔
انہوں نے یہ بھی پوچھا کہ 5 اگست کی ڈیڈ لائن کے مقابلے میں اچانک 90 روزہ منصوبہ کہاں سے سامنے آگیا، اور کیا کوئی اس پر روشنی ڈالے گا؟
واضح رہے کہ گزشتہ رات وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور دیگر رہنماؤں کی موجودگی میں حکومت کو 90 روز کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا کہ اگر عمران خان کو اس مدت میں رہا نہ کیا گیا تو تحریک سخت رخ اختیار کرے گی۔
تاہم اس اہم تقریب میں پی ٹی آئی پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ کو مدعو نہیں کیا گیا، جس پر انہوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے شکوہ کیا۔
علی امین گنڈاپور نے اپنے خطاب میں کہا کہ لاہور سے عمران خان کی رہائی کی تحریک کا آغاز ہو چکا ہے اور 5 اگست تک یہ تحریک اپنے عروج پر پہنچے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اب فیصلہ کن مرحلہ آ چکا ہے — "اب آر یا پار ہوگا”۔
وزیر اعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے قوم کو شعور دیا، پاکستان کی خودمختاری کی بات کی، اور وہ آج بھی ملک کے مفاد میں بات چیت کے لیے تیار ہیں۔
