سندھ میں ایچ پی وی ویکسین کے نتائج نہ مل سکے

شہر قائد سمیت سندھ بھر میں لڑکیوں کو سروائیکل کینسر سے بچاؤ کے لیے لگائی جانے والی حفاظتی ویکسین مہم کے مطلوبہ نتائج حاصل نہ کرنے کے باوجود بھی حکومت سندھ نے اس ویکسین کی خریداری کے لیے 797ملین روپے مختص کردیے۔
مذکورہ رقم سے تین سال کے لیے ویکسین خریدی جائے گی، اس ویکسین کو 2026ء سے بچوں کے حٖفاظتی ٹیکہ جات پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔
کراچی سمیت سندھ میں گزشتہ ماہ ستمبر میں شروع کی گئی ویکسین مہم 15دن کے لیے شروع کی گئی تھی جس میں والدین کی اکثریت نے عدم اعتماد کا اظہارکرتے ہوئے اور اپنی بیٹیوں کو مذکورہ ویکسین لگوانے سے انکار کردیا تھا۔
کراچی سمیت سندھ بھر کی 9 سے 15 سال کی 4.1 ملین لڑکیوں کو یہ لگانے کا ہدف دیا گیا تھا مگر مہم اپنا ہدف مکمل نہ کرسکی، سرکاری و پرائیویٹ سکولوں میں بھی زیرتعلیم لڑکیوں کی اکثریت نے ویکسین لگوانے سے مکمل انکار کیا یہ ویکسین بین الاقوامی تنظیم نے فراہم کی تھی۔
