فرانس میں شوہربیوی کو گیس سٹیشن پربھول گیا

فرانس میں شوہر بیوی کو گیس اسٹیشن پر بھول کر 300 کلومیٹر دور نکل گیا
فرانس میں ایک حیران کن اور مزاحیہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب ایک شخص سیر و تفریح کے دوران اپنی بیوی کو ہائی وے پر واقع ایک گیس اسٹیشن پر غلطی سے چھوڑ کر خود بیٹی کے ساتھ سفر جاری رکھ بیٹھا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پیرس سے تعلق رکھنے والے شخص نے اپنی اہلیہ اور 22 سالہ بیٹی کے ہمراہ گاڑی میں مراکش کی سیاحت کا منصوبہ بنایا اور 5 جولائی کو روانگی ہوئی۔ دورانِ سفر وہ بار بار ہائی وے پر واقع گیس اسٹیشنز پر فیول کے لیے رک رہے تھے۔
تاہم ایک سٹاپ پر وہ اپنی بیوی کو گاڑی سے باہر چھوڑ کر غلطی سے روانہ ہو گیا اور تقریباً 300 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنے کے بعد اسے احساس ہوا کہ بیوی گاڑی میں موجود نہیں۔ دلچسپ بات یہ تھی کہ نہ تو شوہر کو یہ یاد تھا کہ کس گیس اسٹیشن پر بیوی کو چھوڑا، اور نہ ہی گاڑی میں سوئی ہوئی بیٹی کو اس واقعے کی کوئی خبر تھی۔
شوہر نے گھبرا کر مقامی پولیس سے رابطہ کیا، جنہیں اس غیر معمولی کال پر ابتدا میں حیرت ہوئی۔ پولیس نے فوری طور پر ہائی وے پر مختلف سروس ایریاز میں تلاش شروع کی، تاہم خاتون کا کچھ پتہ نہ چل سکا۔
بالآخر موبائل نیٹ ورک ٹریکنگ کی مدد سے خاتون کا سراغ لگایا گیا، جو اسی گیس اسٹیشن پر اپنے شوہر اور بیٹی کے واپس آنے کی منتظر تھیں۔
پولیس کی مدد سے خاندان دوبارہ ملا اور بعد ازاں انہوں نے اپنی مراکش کی سیر کا سفر دوبارہ شروع کیا۔
