آسٹریلیا کی جانب سے کھیلنے کیلئےمحنت کر رہا ہوں،عثمان قادر

پاکستان کے سابق انٹرنیشنل کرکٹر عثمان قادر کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کی طرف سے کھیلنے کے لیے بھرپورمحنت کررہا ہوں۔
سابق کرکٹرعثمان قادر رمضان المبارک اور عید کے موقع پر آسٹریلیا سے فیملی کے پاس لاہور آ گئے۔
عثمان قادر کا صحافیوں سے گفتگو میں کہنا تھا کہ پاکستان میں روزے رکھنے اور فیملی کے ساتھ عید منانے آیا ہوں، پاکستان میں رمضان کا اپنا ہی مزہ ہے ، کبھی پاکستان سے باہر روزے نہیں رکھے اور دوسرا خوشی کے موقع پر فیملی سے دور بھی نہیں رہا جاتا۔
ایک ون ڈے اور 25 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے 31 سالہ عثمان قادر نے گزشتہ برس مسلسل مواقع نہ ملنے کی وجہ سے مایوس ہو کر پاکستان کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی اور آسٹریلیا منتقل ہو گئے تھے۔
سابق کرکٹر عثمان قادر نے کہا کہ آسٹریلیا منتقلی کے بعد معاملات کنٹرول میں ہیں سب کچھ پلان کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے ، جلد آسٹریلیا میں ڈومیسٹک کرکٹ کھیلتا دکھائی دوں گا، آسٹریلیا کی جانب سے کھیلنے کیلئےمحنت کر رہا ہوں، وہاں کارکردگی اور میرٹ پر فیصلے ہو تے ہیں اور میں اپنا پورا زور لگاوں گا کہ آسٹریلیا کی نمائندگی کروں۔
