ماضی کو نہیں سوچتا، سب اچھی طرح جانتے ہیں کیا ہورہا ہے کیا نہیں: محمد رضوان

پاکستان کرکٹ ٹیم اور پی ایس ایل میں ملتان سلطانز کےکپتان محمد رضوان کا کہنا ہےکہ انٹرنیشنل لیول کرکٹ کا الگ دباؤ ہوتا ہے،اچھا ریکارڈ برقرار رکھنا آسان نہیں ہوتا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئےمحمد رضوان نے کہا کہ شائقین نےجیسی امید کی ویسی قومی کرکٹ ٹیم نے پرفارمنس نہیں دی، شائقین کرکٹ ناراض ضرور ہوتےہیں،میرے لیے ماضی کی پرفارمنس محض ماضی ہے، میں ماضی کو نہیں سوچتا، ماضی میں پرفارمنس اچھی ہویا بری،میں ماضی یاد نہیں رکھتا، اگرماضی میں رہا تو مستقبل میں سب کچھ ختم ہوجائےگا۔
انہوں نےکہا کہ سب کو اچھی طرح معلوم ہے کیا ہورہا ہےکیا نہیں، سلیکشن کمیٹی کے پاس اپنی اتھارٹی ہے اور کپتان کےپاس اپنی اتھارٹی ہےجب کہ چیئرمین پی سی بی کےسامنےسب جواب دہ ہیں۔
اس موقع پرفاسٹ بولر اور لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی نے کہا کہ ہر دن سیکھنے کا ہوتا ہے، ماضی میں نہیں رہنا چاہیے،لاہور قلندرز میں نوجوان کھلاڑیوں سے متعلق پرجوش ہوں، غلطی انسان سے ہوجاتی ہے، پی ایس ایل کو انجوائےکریں گے۔
پختونخوا کے عوام کی خواہش ہے کہ وہ پشاور زلمی کو ہوم گراؤنڈ پر کھیلتا دیکھے: جاوید آفریدی
شاہین کا مزید کہناتھا کہ پاکستان سپرلیگ ہماری اپنی لیگ ہے،سپورٹ کرنےکی ضرورت ہے،حارث رؤف پاکستان سپر لیگ کی پروڈکٹ ہیں، ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کےبعد پی ایس ایل میں منتخب کیاجاتا ہے۔
فاسٹ بولر حسن علی نےگفتگوکرتے ہوئے کہا کہ جو ٹیم پاورپلے اچھا کھیلے اس کے جیتنے کےامکانات زیادہ ہوتے ہیں، کراچی کنگز نےاچھے فاسٹ بولر منتخب کرنےپرفوکس کیا۔
بیٹر بابراعظم نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ میں تمام فرنچائز متوازن ہیں، پی ایس ایل میں ہرفرنچائز بہترین اسکواڈ بنانے کی کوشش کرتی ہے۔
