دشمن کوللکارکرمارناپسندہےچھپ کرنہیں،چیف آف ڈیفنس فورسز

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ ہم دشمن کو چھپ کر نہیں بلکہ للکار کر مارتے ہیں۔
چیف آف آرمی سٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے قومی علما و مشائخ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست طیبہ اور ریاست پاکستان کا آپس میں ایک گہرا تعلق ہے اور دفاعی معاہدہ تاریخی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے تمام مسلم ممالک میں سے محافظین حرمین کا شرف پاکستان کو عطا کیا ہے، جس قوم نے علم اور قلم کو چھوڑا تو انتشار اور فساد الارض نے وہاں جگہ لی۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ عزت اور طاقت تقسیم سے نہیں، محنت اور علم سے حاصل ہوتی ہے، دہشت گردی پاکستان کا نہیں ہندوستان کا وطیرہ ہے، ہم دشمن کو چھپ کر نہیں للکار کر مارتے ہیں۔
چیف آف ڈیفنس فورسز نے کہا کہ اسلامی ریاست میں ریاست کے علاوہ کوئی جہاد کا حکم نہیں دے سکتا، معرکہ حق میں اللّٰہ کی نصرت سے کامیابی ملی۔علما قوم کو متحد رکھیں اور قوم کی نظر میں وسعت پیدا کریں۔
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے علما و مشائخ کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ فرقہ واریت کا خاتمہ ضروری ہے اس کے لیے علما اپنا کردار ادا کریں۔
شہبازشریف نے کہا کہ اب بھی چند علما ایسے ہیں جو فرقہ واریت پر بات کرتے ہیں، فرقہ پرستی کا خاتمہ وقت کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو معاشی ترقی کی طرف لے جانے کے لیے سرتوڑ کوششیں کررہے ہیں مگر دہشت گردی اور یہ کوششیں ساتھ ساتھ نہیں چل سکتیں، اس ملک کو ترقی کے لیے دہشت گردی کا خاتمہ ضروری ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ افغانستان سے لوگ یہاں آکر دہشت گردی کرتے ہیں اور ہمارے لوگ شہید ہو رہے ہیں، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں بے گناہ لوگ خوارج کا نشانہ بن رہے ہیں، یہی صورتحال رہی تو ملک کیسے ترقی کرے گا؟ نہ جادو ٹونے سے اور نہ کسی اور طریقے سے صرف شب و روز محنت سے ملک ترقی کرے گا، پوری قوم کو قومی معاملات پر یکجا ہونا ہوگا۔
