ایران نے ہیلی کاپٹر حادثے کی تحقیقات کی ابتدائی رپورٹ جاری کردی

ایران نے ہیلی کاپٹر حادثے کی تحقیقات کی ابتدائی رپورٹ جاری کردی۔ ایرانی مسلح افواج کے جنرل اسٹاف کی جانب سے جاری کردہ ابتدائی رپورٹ میں حادثے سے متعلق تکنیکی معلومات اور نتائج کو اکٹھا کرکے اس کا جائزہ لیا گیا ہے، کچھ ڈیٹا کی جانچ کےلیے مزید وقت درکار ہے۔ رپورٹ کے مطابق ہیلی کاپٹر بغیر کسی تبدیلی کے اپنے طے شدہ راستے پر پرواز کررہا تھا، پائلٹ نے دیگر دو ہیلی کاپٹروں کے پائلٹس سے حادثے سے ڈیڑھ منٹ پہلے رابطہ کیا۔

ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہیلی کاپٹر پر گولی لگنے یا اس جیسے کسی نقصان کے نشانات نہیں ملے اور حادثے کے بعد ہیلی کاپٹر میں آگ لگ گئی۔ جب کہ فلائٹ کے عملے کے ساتھ کنٹرول ٹاور کی بات چیت میں کوئی مشکوک صورت حال سامنے نہیں آئی۔

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کو مشہد میں سپرد خاک کردیاگیا

رپورٹ کے مطابق علاقے میں ناہموار راستے، سرد موسم اور دھند کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات ہوئیں اور ریسکیو اہلکار جائے حادثہ پر 20 مئی کی صبح کو پہنچے۔

خیال رہے کہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کا ہیلی کاپٹر 19 مئی کو آذربائیجان کی سرحد پر ڈیم کی افتتاحی تقریب سے واپس آتے ہوئے حادثے کا شکار ہو کر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں ایرانی صدر، وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان و دیگر حکام جاں بحق ہوگئے تھے۔

Back to top button