ICC کا بنگلا دیشی صحافیوں کو T 20 ورلڈ کپ کی کوریج سے انکار

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی کوریج کے لیے بنگلا دیشی صحافیوں کو ایکریڈیشن دینے سے انکار کر دیا ہے۔
بنگلا دیشی میڈیا کے مطابق سری لنکا اور بھارت دونوں ممالک میں کسی بھی بنگلا دیشی صحافی کو ایکریڈیشن جاری نہیں کی گئی، جبکہ کئی صحافی ایسے بھی ہیں جن کی ایکریڈیشن پہلے منظور کی گئی تھی مگر بعد میں منسوخ کر دی گئی۔
ایک بنگلا دیشی صحافی نے میڈیا کو بتایا کہ ایک صحافی کو 20 تاریخ کو ایکریڈیشن کی تصدیقی ای میل موصول ہوئی، تاہم بعد ازاں ایکریڈیشن مسترد ہونے کی ای میل بھیج دی گئی۔
بنگلا دیش کے ایک سینئر صحافی نے اپنے بیان میں کہا کہ ماضی میں اگر ٹیم ورلڈ کپ میں شریک نہ بھی ہو تب بھی آئی سی سی ایسوسی ایٹ ممبرز کے صحافیوں کو ایکریڈیشن جاری کرتا رہا ہے۔
بنگلا دیش کے اسپورٹس صحافیوں کی تنظیموں نے جلد آئندہ کے لائحہ عمل کے اعلان کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی سی سی کی جانب سے ایکریڈیشن نہ دینے کی کوئی وضاحت فراہم نہیں کی گئی۔
دوسری جانب بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کی میڈیا کمیٹی کے چیئرمین امزاد حسین نے صحافیوں کو ایکریڈیشن نہ ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بنگلا دیش کے 130 سے 150 صحافیوں نے ورلڈ کپ ایکریڈیشن کے لیے درخواستیں دی تھیں۔
امزاد حسین کا کہنا تھا کہ ان کے علم کے مطابق بنگلا دیش کے تمام صحافیوں کی درخواستیں مسترد کر دی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ آئی سی سی کی جانب سے اب تک اس معاملے پر کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا، جس کے باعث تنازع شدت اختیار کر رہا ہے۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی میڈیا نے صحافیوں کی نمائندہ تنظیم سے ورلڈ کپ کی کوریج کے خواہشمند صحافیوں کی فہرست طلب کر لی ہے۔
ذرائع کے مطابق بنگلا دیشی صحافیوں کی ایکریڈیشن کا عمل دوبارہ شروع کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ بھارت میں تمام میچز کی کوریج کے لیے درخواست دینے والے صحافیوں کو سری لنکا میں ہونے والے میچز کے لیے ایکریڈیشن جاری کی جائے گی۔
