مجھے قتل کیا گیا تو ایران مکمل تباہ کر دیا جائے گا،ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر ایرانی حکومت نے انہیں قتل کیا تو اس کے نتائج انتہائی سنگین ہوں گے اور ایران کو تباہ کر دیا جائے گا۔
امریکی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو کے دوران جب صدر ٹرمپ سے ایران کی جانب سے ملنے والی مبینہ دھمکیوں سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ ان کے خیال میں ایران ایسا قدم نہیں اٹھائے گا، تاہم اس حوالے سے ایک نوٹیفکیشن پہلے ہی تیار کر لیا گیا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کیا کہ اگر ایران کی جانب سے انہیں قتل کیا گیا تو امریکا ایران کو مکمل طور پر تباہ کر دے گا۔
واضح رہے کہ حال ہی میں ایرانی سپریم لیڈر نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ایران میں حالیہ مظاہروں کے دوران ہونے والی اموات اور نقصانات کے ذمہ دار امریکی صدر ٹرمپ ہیں۔
دوسری جانب چند روز قبل امریکا میں سابق سفیر ڈان شپیرو نے دعویٰ کیا تھا کہ صدر ٹرمپ آئندہ ہفتوں میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کو قتل کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔
