محمود اچکزئی کے پاس مینڈیٹ موجود ہے تو مذاکرات کریں : بیرسٹر گوہر

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا ہے کہ محمود خان اچکزئی کے پاس اگر مینڈیٹ موجود ہے تو ضرور مذاکرات کریں۔ عمران خان نے واضح کیا تھاکہ محمود خان اچکزئی اور علامہ ناصر عباس مذاکرات کریں گے۔
اڈیالہ جیل کے قریب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے معاملے پر علیمہ خان کا مؤقف سب کے سامنے ہے، اس لیے وہ مزید تبصرہ نہیں کریں گے۔
بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ میرے پاس تحریری طور پر جو ہدایات موجود ہیں،ان میں عمران خان نے واضح کیا تھاکہ محمود خان اچکزئی اور علامہ ناصر عباس مذاکرات کریں گے، اگر مذاکرات نہ کرنے کا فیصلہ کیا جاتا ہے تو یہ اختیار بھی انہی کے پاس ہے تاہم اگر کہا جا رہا ہےکہ کسی اور کو اختیار حاصل نہیں تو اس کا مطلب ہےکہ کوئی اور پیغام آیا ہے۔
