مذاکرات ہوئے تو حکومتی کمیٹی میں تمام اتحادی شامل ہوں گے : رانا ثنا اللہ

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ اگر اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات ہوئے تو حکومتی کمیٹی میں پیپلز پارٹی سمیت تمام اتحادی شامل ہوں گے۔
مرکزی رہنما مسلم لیگ ن رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اتحاد مذاکرات کے حوالے سے اپنی رضامندی ظاہر کرے تو وزیر اعظم مثبت جواب دیں۔
سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اپوزیشن کو ڈائیلاگ کی دعوت دی ہے،تحریک تحفظ آئین میں اکثریت پی ٹی آئی کی ہے لیکن اس نے خود کو مذاکرات سے علیحدہ کر دیا ہے، یہ صورت حال حوصلہ افزا نہیں۔
رہنما مسلم لیگ ن رانا ثنا اللہ نے کہاکہ مولانا فضل الرحمان نے بھی ابھی تک تحریک تحفظ آئین کے ساتھ مذاکرات میں شامل ہونے کا عندیہ نہیں دیا ہے،اگر مذاکرات ہوئےتو حکومتی کمیٹی میں پیپلز پارٹی سمیت تمام اتحادی شامل ہوں گے۔
مذاکرات کی آڑ میں 9 مئی معاف نہیں کیا جائے گا : اختیار ولی خان
وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہاکہ اگر یہ 2024 کے الیکشن پر بات کریں گےتو ہم کہیں گےکہ 2018 کے الیکشن پر بھی بات ہونی چاہیے،دھاندلی ہوئی اور اس دھاندلی کے نیتجے میں ملک پر پی ٹی آئی 4 سال مسلط رہی،ایک طرف مذاکرات کےلیے بیٹھ کر دوسری طرف مزاحمت کی بات کریں گے تو قانون اپنا راستہ لے گا۔
