ٹرمپ امن کےعلمبرداربننا چاہتے ہیں تواسرائیلیوں کو الاسکا منتقل کریں:رکن سعودی شوریٰ

رکن سعودی شوریٰ یوسف بن طرادالسعدون نے کہا ہےکہ ڈونلڈ ٹرمپ امن کے علمبردار بننا چاہتے ہیں تو اسرائیلیوں کو الاسکامنتقل کریں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق رکن سعودی شوریٰ کونسل یوسف بن طراد السعدون کا کہنا تھا کہ ٹرمپ اسرائیلیوں کو الحاق کے بعدگرین لینڈ میں بھی آباد کرسکتے ہیں۔ٹرمپ کی مشرق وسطیٰ سے متعلق پالیسیاں احمقانہ،غیرمنطقی اور یکطرفہ ہیں، صیہونی اور اتحادی سعودی عرب پر اسرائیل سے مذاکرات کے لیے دباؤ ڈالنا چاہتے ہیں، انسانی تاریخ یہودیوں کی فتنہ پروری اور سازشوں سے واقف ہے۔
یوسف بن طرادالسعدون کا کہنا ہےکہ تیرہویں اور سولہویں صدی میں یورپی ممالک نے یہودیوں کو ملک بدر کیا،امریکی پالیسی میں غیرقانونی قبضہ اور مقامیوں کی نسل کشی شامل ہے، غزہ کے فلسطینیوں کو عرب ممالک بھیجنےکی تجویز اسرائیل کے موقف سے مماثل ہے، بین الاقوامی قانون کے تحت یہ انسانیت کے خلاف جرائم تصور کیے جاتے ہیں۔
رکن سعودی شوریٰ کونسل کے مطابق فلسطینیوں کو اپنی سرزمین سے بےدخلی کا منصوبہ صہیونی طبقے نے تیار کیا، اس کے لیے وائٹ ہاؤس کا ڈائس شرمناک طریقے سے استعمال کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسئلہ فلسطین اور فلسطینیوں کے حقوق پر سعودی موقف میں کوئی تبدیلی آئی اور نہ ہی آئےگی۔
خیال رہےکہ گزشتہ دنوں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ پر امریکا کی جانب سے قبضہ کرنےکا اعلان کیا تھا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ امریکا غزہ کی پٹی پر قبضہ کرلےگا، ہم اس کے مالک ہوں گے، جس کا مقصد اس علاقے میں استحکام لانا اور ہزاروں ملازمتیں پیدا کرنا ہے۔
