ہمت ہے تو گورنر راج لگا کر دکھائیں،ڈرتے نہیں ہیں،سہیل آفریدی

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ صوبے میں پہلے ہی بانی پی ٹی آئی کا راج ہے لہذا کسی اور راج کی ضرورت نہیں، اگر ہمت ہے تو گورنر راج لگا کر دکھائیں ہم کسی سے ڈرتے نہیں ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیات آباد میں میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔ وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کمزور اور خصوصی طبقات کے لیے عمران خان کا جو احساس اور وژن ہے، وہی ہمارا راستہ اور ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ کپتان نے حکم دیا کہ زکوٰة فنڈ میں موجود رقوم فوری طور پر مستحقین میں تقسیم کی جائیں، جبکہ ضم اضلاع کے معذور افراد کو بھی معاونتی آلات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت یہ تمام تر اقدامات اپنے وسائل سے کر رہی ہے، جبکہ وفاق کے ذمے خیبرپختونخوا کے 3000 ارب روپے سے زائد واجب الادا ہیں، آپ سوچیں اگر وفاق ہمارے بقایاجات ادا کر دے تو ہم کیا کچھ کر سکتے ہیں۔

سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت نے 5300 ارب روپے کی کرپشن کی، لیکن کوئی پوچھنے والا نہیں۔انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ ”ہم ڈیلیور کر رہے ہیں، عوام کو ریلیف دے رہے ہیں، پھر بھی ہم پر انگلیاں اٹھائی جاتی ہیں“۔

وزیراعلیٰ نے ضم اضلاع کے سکولوں کے لیے بھی ٹرانسپورٹ سہولیات فراہم کرنے کا اعلان کیا اور خصوصی بچوں کے اسکولوں میں تمام ناپید سہولیات فوری طور پر مہیا کرنے کی ہدایت کی۔

اس سے قبل وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے صوبہ بھر سے شدید معذوری کے شکار افراد کے لیے “احساس امید پروگرام” کا اجرا کر دیا، جس کے تحت دس ہزار خصوصی افراد کو فی کس پانچ ہزار روپے ماہانہ فراہم کیے جائیں گے۔

 

Back to top button