صحافیوں کوGet Lost بولنے والی عفت عمر کی ہراسانی کی شکایت

خواتین کے حقوق کی اہمیت سے آگاہی کے لیے پاکستان میں ہر سال 8 مارچ کو عورت مارچ کا انعقاد کیا جاتا ہے جس کیلئے ملک بھر میں ریلیاں نکالی جاتی ہیں، اس سلسلے میں لاہور اور اسلام آباد میں بھی ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔
لاہور میں ہونے والی عورت مارچ ریلی میں اداکارہ عفت عمر نے بھی شرکت کی اور ان کو Get Lost کہتے اور صحافیوں پر چلاتے ہوئے بھی سنا جا سکتا تھا، اداکارہ عفت عمر نے الزام عائد کیا کہ ایک مرد صحافی نے انہیں 8 مارچ کو لاہور میں منعقد کیے گئے عورت مارچ میں ہراساں کیا۔
جب صحافی نے سوال کیا کہ عورت کے قدموں کے نیچے جنت ہے تو عفت عمر نے جواب دیا کہ ہمیں جنت نہیں چاہئے یہ بھی آپ لوگوں کی دی ہوئی ہے کہ تمہارے پائوں کے نیچے جنت ہے، اس کو چاٹو بیٹھ کر ہم مرد جو جی چاہیں کریں۔
عفت عمر نے عورت مارچ کے دوران گانے بھی گائے تھے جبکہ سوشل میڈیا پر ان کی بعض ویڈیوز وائرل ہو گئی تھیں، جن میں انہیں صحافیوں کے ساتھ غصے میں بات کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا تھا۔
ان کی ایک وائرل ہونے والی مختصر ویڈیو میں انہیں مرد صحافی پر چلاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ اسی ویڈیو میں وہ خواتین صحافیوں کے ساتھ بھی بظاہر غصے میں بات کرتی دکھائی دیں، ویڈیو میں انہوں نے خواتین صحافیوں کو بتایا کہ عورت مارچ کو متنازع وہ نہیں بلکہ صحافی بنا رہے ہیں۔
اسی وائرل ویڈیو کے حوالے سے عفت عمر نے بعد ازاں ایک یوٹیوبر سے بات کی، جس میں انہوں نے الزام عائد کیا کہ مرد صحافی نے انہیں عورت مارچ کے دوران ہراساں کیا، اداکارہ نے بتایا کہ انہیں صرف مشہور خاتون ہونے کے ناطے عورت مارچ میں ہراساں کیا گیا اور انہوں نے مرد صحافی کے رویے کو انتہائی نامناسب قرار دیا۔
عفت عمر نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ ان کی یہ غلطی تھی کہ وہ عورت مارچ میں آئی تھیں اور انہیں ہراساں کرنے والوں کا اعتراض ہوا کہ وہ کیوں آئی ہیں؟ اداکارہ نے ایک اور سوال کے جواب میں بتایا کہ ہر خاتون سڑک، بازار، مارکیٹ یا کام کی جگہ پر مطلب کہیں نہ کہیں ہراس ہوئی ہوتی ہے۔
عفت عمر کا کہنا تھا کہ مرد حضرات نے خواتین کو کہ رکھا ہے کہ جنت ان کے قدموں میں ہے لیکن ساتھ ہی وہ ہر معاملے میں اپنی مرضی چلاتے ہیں، خواتین کی بات نہیں سنتے۔
عفت عمر کی جانب سے مرد صحافی پر ہراساں کرنے کا الزام لگانے کے بعد ان کے ساتھ بدتمیزی کرنے والے صحافی نے بھی ایک یوٹیوبر سے بات کی اور دعویٰ کیا کہ اداکارہ نے جان بوجھ کر ان سے بدتمیزی کر کے معاملے کو متنازع بنانے کی کوشش کی۔
