گردوں کی غیر قانونی پیوندکاری کا نیٹ ورک پکڑاگیا،8افرادگرفتار

پنجاب میں انسانی اعضاء کی غیرقانونی خرید و فروخت کا بڑا نیٹ ورک بے نقاب ہو گیا۔8افراد گرفتارکرلئےگئے۔
پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق شیخوپورہ میں گردوں کی غیرقانونی پیوندکاری میں ملوث گروہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فیصل آباد روڈ پر قائم ایک نجی ہسپتال میں ایک شیخوپورہ کے رہائشی شخص کا گردہ نکال کر ایک افریقی شہری کو لگایا جا رہا تھا۔ کارروائی کے دوران ہسپتال سے ایک ڈاکٹر، دو خواتین سمیت آٹھ افراد کو حراست میں لیا گیا، جن میں آپریشن تھیٹر کے ٹیکنیشنز، ایجنٹس اور معاون عملہ شامل ہے۔
ترجمان کے مطابق اس غیرقانونی ٹرانسپلانٹ کے عوض 70 لاکھ روپے وصول کیے گئے، تاہم گردہ عطیہ کرنے والے شخص کو کوئی رقم ادا نہیں کی گئی۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اس گھناؤنے کاروبار میں ملوث مزید افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، اور تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔
