ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ اسلام آباد سے گرفتار

ایمان مزاری اور ان کے شوہر ہادی علی چٹھہ کو کچھ دیر قبل پولیس نے گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ایمان مزاری کو سرینہ چوک انڈر پاس کے قریب گاڑی روک کر حراست میں لیا گیا۔
واضح رہے کہ ایمان مزاری اور ان کے شوہر ہادی علی چٹھہ نے اپنے مؤقف سے پیچھے نہ ہٹنے کا اعلان کر رکھا تھا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ وہ اپنے مؤقف پر ڈٹے رہیں گے اور چاہے جیل ہی کیوں نہ جانا پڑے، پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
ایمان مزاری کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ آئین اور قانون کی بالادستی کی بات کرتی رہی ہیں اور انہیں اپنے کسی عمل پر نہ کوئی ندامت ہے اور نہ ہی پچھتاوا۔
دوسری جانب ہادی علی چٹھہ نے بتایا کہ انہوں نے بار کونسل اور بار ایسوسی ایشنز کے رہنماؤں کے سامنے خود کو سرنڈر کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ انہی کے پاس موجود ہیں اور وہیں رہیں گے۔
ہادی علی چٹھہ نے مزید کہا کہ اگر کسی نے انہیں غیر قانونی طور پر گرفتار کرنا ہے تو وہ یہیں کر سکتا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے متنازع ٹویٹس کیس میں ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔
بعد ازاں اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے جاری تحریری فیصلے میں ٹرائل کورٹ کا حکم کالعدم قرار دے دیا گیا تھا۔ فیصلے میں کہا گیا تھا کہ ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کو موجودہ کیس میں گرفتار نہ کیا جائے۔
عدالتی فیصلے کے مطابق ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کو گواہوں پر جرح کے لیے چار دن کا وقت دیا گیا تھا، تاہم مقررہ مدت میں ٹرائل کورٹ میں پیش نہ ہونے کی صورت میں یہ حکم غیر مؤثر تصور کیا جائے گا۔
