آئی ایم ایف کی کرپشن سے متعلق رپورٹ کی کوئی اہمیت نہیں،راناثنااللہ

وزیراعظم کے مشیر سینیٹرراناثنااللہ کاکہناہے کہ آئی ایم ایف کی کرپشن سے متعلق رپورٹ کی کوئی اہمیت نہیں، موجودہ حکومت یا پچھلی پی ڈی ایم کی حکومت میں کوئی اسکینڈل سامنے نہیں آیا، کرپشن کا کسی کے پاس ثبوت ہو تو سامنے لائے۔
رانا ثنا اللہ نے پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ پاکستان میں تباہی کے ذمہ دار بانی پی ٹی آئی اوروہ لوگ ہیں جو 2018 میں انہیں اقتدارمیں لائے، عمران خان کے اقتدار میں آنے کے بعد جو 4 سال گزرے ان ہی میں تباہی ہوئی۔
وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ عمران کے دورکی تباہی کے ذمہ دار خود انجام کو پہنچیں گے، ہماری ترجیحات اس وقت ملک سنبھالنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بہت کوششوں کے باوجود وہ 4 سالہ تباہی ختم نہیں ہورہی، اس ساری تباہی کی ذمہ دار اُس وقت کی اسٹیبلشمنٹ ہے۔
راناثنااللہ کا کہنا تھا کہ جنرل فیض حمید کا ٹرائل چل رہا ہے، یہ سارے چہرے خود ہی اپنے انجام کو پہنچیں گے، مسلم لیگ ن کی ترجیحات ان کو انجام تک پہنچانا نہیں ہے، اس وقت ہماری ترجیحات یہ ہیں کہ ملک کو سنبھالا جائے، ہماری کوشش ہے ملک کو ترقی دی جائے، عام آدمی کو آسانی دی جائے۔
انہوں نےکہا کہ معرکہ حق میں کامیابی کے بعد پوری دنیا میں پاکستان کی عزت ہے، معیشت بہتر ہورہی ہے لیکن ہوئی نہیں ہے، پاکستان کو ایسا ملک بنایا جائے جو اپنی معیشت کے مسائل پر قابو پائے اور ترقی کرے۔
راناثنااللہ کا مزید کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کی کرپشن سے متعلق رپورٹ کی کوئی اہمیت نہیں، موجودہ حکومت یا پچھلی پی ڈی ایم کی حکومت میں کوئی اسکینڈل سامنے نہیں آیا، کرپشن کا کسی کے پاس ثبوت ہو تو سامنے لائے۔
