مبینہ دھمکی آمیز خط پر قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس طلب
وزیراعظم عمران خان کو موصول ہونے والے مبینہ دھمکی آمیز خط کے حوالے سے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا گیا ہے۔
ٹوئٹر پر جاری بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بتایا کہ وزیراعظم نے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج طلب کیا ہے جو دوپہر دو بجے وزیراعظم ہاؤس میں ہوگا۔ذرائع کا کہنا ہےکہ وزیراعظم عمران خان قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں مبینہ دھمکی آمیز خط عسکری قیادت کو دکھائیں گے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان، قومی سلامتی کے مشیر، وزیر داخلہ بھی شریک ہوں گے جب کہ شاہ محمود بیرون ملک ہونے کے باعث ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کریں گے۔
وزیر اعظم نے نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا، اجلاس آج بعد دوپہر وزیر اعظم ہاؤس میں ہو گا
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) March 31, 2022
خیال رہے کہ قومی سلامتی کمیٹی ملک کے سیکیورٹی معاملات پر رابطوں کو اعلیٰ ترین فورم ہے۔یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے کہ جب ایک روز قبل ہی وزیراعظم عمران خان نے پی ٹی آئی کے 27 مارچ کے جلسے میں لہرائے گئے ’دھمکی آمیز خط‘ کو اس امید پر پارلیمنٹ میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا تھا کہ منحرف اراکین اور الگ ہوجانے والے اتحادی اس کا مواد جاننے کے بعد اپنا ذہن تبدیل کر کے ان کے خلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد مسترد کردیں گے۔
دھمکی آمیز خط ،حکومت کا پارلیمنٹ کا ان کیمرہ اجلاس بلانے کا فیصلہ
وزیراعظم نے یہ خط کابینہ کے ہنگامی طور پر بلائے گئے اجلاس میں اراکین کے ساتھ شیئر کیا تھا لیکن اجلاس میں اس کے 2 اتحادی متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم پی) اور بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) مدعو کرنے کے باوجود شریک نہیں ہوئی تھی۔یہ معلوم ہوا ہے کہ خط کابینہ اراکین کو ایک ٹی وی اسکرین پر دکھایا گیا تھا۔