عمران وینٹی لیٹر پر ہے، کسی بھی لمحے دم نکل جائے گا

معروف صحافی اور تجزیہ کار نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی جانب سے عدم اعتماد کی تحریک داخل ہونے کے بعد سے
سلیکٹڈ وزیراعظم عمران خان وینٹی لیٹر پر ہیں جسے ہٹائے جانے کا وقت بھی قریب آن پہنچا یے
۔
اب ان کے جو بھی ارادے اور مقاصد ہوں، خان صاحب اپنی کرسی بچانے کی لڑائی لڑتے لڑتے بے دم ہوچکے ہیں۔ وہ پارلیمنٹ کے ارکان کی اکثریت کا اعتماد کھو چکے ہیں۔ ان کی جماعت، تحریک انصاف کے ایک درجن سے زائد اراکین قومی اسمبلی نے کھلے عام بغاوت کر دی ہے اور انھوں نے دھمکیوں اور نصیحتوں کے باوجود تحریک انصاف میں واپس آنے سے انکار کر دیا ہے۔ دوسری جانب حکومتی اتحادی جماعتوں کے کم از کم 15 اراکین قومی اسمبلی نے خان صاحب کے خلاف عدم اعتماد کی حمایت کے لیے حزب اختلاف سے معاہدہ کرنے کا اعتراف کر لیا ہے۔
اس کا مطلب ہے کہ اگر قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر اگلے سات دنوں میں آئینی طریقہ کار پر عمل کرتے ہیں تو عدم اعتماد کی کامیابی یقینی ہے۔
لیکن بقول نجم سیٹھی یہاں ایک مسئلہ ہے۔ فرائیڈے ٹائمز کے لیے اپنے تازہ ایڈیٹوریل میں سیٹھی کہتے ہیں کہ ہمیشہ اخلاقیات کے گھوڑے پر سوار رہتے والے عمران خان معزولی کے خلاف مزاحمت پر کمر باندھ چکے ہیں۔ قانون اور آئین کیا کہتا ہے، انہیں اس کی کوئی پروا نہیں۔ سپیکر نے اپنے صوابدید ی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے انکے یوم حساب کو موخر کیا ہے۔
شواہد دکھائی دیتے ہیں کہ وہ پس و پشت سے کام لیتے معاملے ہر ممکن طریقے سے التوا میں رکھنے کی کوشش کریں گے۔ اس میں صدر عارف علوی کی ملی بھگت سے اپوزیشن کو فیصلوں کی وضاحت یا پابندی کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے پر مجبور کرنا شامل ہے۔ اس میں مزید تاخیر ہوگی۔ مثال کے طور پر صدارتی ریفرنس میں سپریم کورٹ سے رائے طلب کی گئی کہ کیا فلور کراس کرنے والے اراکین قومی اسمبلی تاحیات پارلیمنٹ سے نااہل ہوں گے یا صرف ایک پارلیمانی مدت کے لیے؟
اب پارلیمنٹ میں حکومت اور حزب اختلاف کے درمیان ہونے والی لڑائی کا دائرہ سپریم کورٹ آف پاکستان تک پھیل گیا ہے، عمران روزانہ اپنے حامیوں کو 27 مارچ کو ایک ”تاریخی” ریلی کے لیے اسلام آباد پہنچنے کی ہلہ شیری دے رہے ہیں۔ اس دوران وہ ناک آؤٹ کرنے کے لیے ایک زبردست سرپرائز دینے کا بھی اعلان کررہے ہیں۔ چونکہ ان کی برطرفی اب ایک قانونی اور آئینی مسئلہ ہے، اس لیے وہ سپریم کورٹ پر عوامی دباؤ ڈالنا چاہتے ہیں تا کہ وہ ”آئینی انصاف” کے تصورات سے ہاتھ کھینچ لے۔
اسی طرح وہ اسٹیبلشمنٹ کو بھی بلیک میل کرنے پر تلے ہوئے ہیں تاکہ وہ سیاسی ”غیر جانبداری“ ترک کرکے ان کے ساتھ کھڑی ہوجائے۔
بقول نجم سیٹھی، یہ ایک خوفناک اور پرخطر حکمت عملی ہے۔ حزب اختلاف پہلے ہی 27 مارچ کے عمران خان کے جلسے کو چیلنج کرنے کے لیے تیار ہو چکی ہے۔ اس مقصد کے لیے 28 مارچ کو اسلام آباد میں جلسہ کیا جائے گا۔ نہیں معلوم کہ عمران خان کی طرف سے کسی نہ کسی بنیاد پر اسے شرمندہ کرنے، تقسیم کرنے یا نیچا دکھانے کی کسی بھی کوشش پر اسٹیبلشمنٹ کیا ردعمل ظاہر کرے گی۔
مثال کے طور پر موجودہ آرمی چیف کو ”ڈی نوٹیفائی” کرنا اور ایک نئے کو نامزد کرنا۔ایسے کسی بھی اقدام کو ایک سے زیادہ طریقوں سے ادارہ جاتی طور پر چیلنج کیا جائے گا۔ اس کے لیے ممکنہ تشدد ایک سٹیج فراہم کرسکتا ہے۔
کچھ میڈیا رپورٹس ہیں کہ اسٹیبلشمنٹ کی کوشش ہے کہ قومی مفاد میں مرکزی کرداروں کے درمیان کوئی نہ کوئی سمجھوتا کرادیا جائے۔مجوزہ فارمولے کے تحت اگلے سال کی بجائے اس سال کے آخر میں غیر جانبدار فوجی اسٹیبلشمنٹ کے تحت الیکشن ہوں اور عدم اعتماد کے ووٹ کو کالعدم قرار دینے کے بدلے میں نیب، ایف آئی اے وغیرہ کی جانب سے اپوزیشن کو نشانہ بنائے جانے سے روکا جائے۔ اس طرح حکومت اور حزب اختلاف، دونوں کا بھرم رہ جائے گا۔
نجم سیٹھی بتاتے ہیں کہ انہیں اسٹیبلشمنٹ، وزیر اعظم اور صدر علوی کے درمیان کچھ معنی خیز ملاقاتوں کا علم ہے۔
حکومت کے اتحادیوں، جو کہ اسٹیبلشمنٹ کے اثاثے ہیں، نے تاحال حکومت سے علیحدگی کا باضابطہ اعلان نہیں کیا۔ گویا وہ اب بھی کسی ”سگنل“ کا انتظار کر رہے ہیں جو اُنہیں قدم آگے بڑھانے یا پیچھے ہٹانے کا اشارہ کرے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے اپوزیشن کی عدم اعتماد کی قرارداد 28 مارچ تک ملتوی کر دی ہے۔
سپریم کورٹ پارٹی تبدیل کرنے والے اراکین قومی اسمبلی کو ڈی سیٹ یا نااہل کرنے کا فیصلہ کرنے میں کوئی جلدی نہیں کر رہی۔ یہ فیصلہ سیاسی مستقبل پر بڑی حد تک اثر انداز ہو سکتا ہے اور عدم اعتماد کے ووٹ کے نتائج کا ترازو ایک یا دوسری طرف جھکا سکتا ہے۔
دوسری طرف میڈیا کی ذمہ دار آوازیں کہتی ہیں کہ عمران خان کو آنے والے دنوں میں ایسی ضربیں لگیں گی جو انہیں زمین بوس کر دیں گی۔ یہ ان کے اتحادیوں کی طرف سے باضابطہ اعلانات ہو سکتے ہیں کہ انہوں نے حزب اختلاف کی صفوں میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ اس سے ان کی حکومت خود بخود گر جائے گی۔
عدالت یا الیکشن کمیشن کے فیصلے بھی انہیں ناک آؤٹ کرسکتے ہیں۔ حزب اختلاف کے لیڈروں کا اصرار ہے کہ وہ کشتیاں جلا چکے۔ عمران کے ساتھ کسی قسم کا سمجھوتا خارج ازامکان ہے کیونکہ ان کے درمیان اعتماد کی کمی ہے۔
عمران خان نے اتنی کثرت سے جھوٹ بولا ہے اور اتنے یو ٹرن لیے ہیں کہ وہ اس کی طرف سے اسٹبلشمنٹ کی یقین دہانیوں کو قبول کرنے کے لیے بھی تیار نہیں ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ دباؤ برقرار رکھیں گے چاہے عمران کسی نہ کسی وجہ سے اس ضرب سے بچ جائیں۔ وہ عمران کو من مانی کرنے کا موقع نہیں دے سکتے کیونکہ انہیں ڈر ہے کہ وہ پارلیمانی جمہوریت کو ختم کر نے پر تلے ہوئے ہیں۔ وہ اگلے انتخابات میں دھاندلی کرکے فسطائی حکومت قائم کریں گے۔
نجم سیٹھی بتاتے ہیں کہ اسٹیبلشمنٹ اور عمران خان کے درمیان اعتماد کا فقدان بھی ہے۔ اسی نے اپوزیشن کو معاملات کو اس نہج تک لانے کا موقع فراہم کیا ہے۔ اب جبکہ سولینز کے درمیان رسہ کشی جاری ہے، اسٹیبلشمنٹ بھی غور کررہی ہے کہ اس کا حالیہ ہائبرڈ حکومت قائم کرنے کا تجربہ ناکامی سے دوچار ہوا ہے۔ اس کی وجہ سے ہوش ربا مہنگائی، بے روزگاری، بڑے پیمانے پر بے چینی اور پریشان کن تناؤ کی وجہ سے معیشت کی نبضیں مسلسل ڈوب رہی ہیں۔
یہ ایک ایسے ملک کے ڈھانچے کے لیے خطرناک ہے جوپہلے ہی دہشت گردی اور علیحدگی پسندی سے دوچار ہے اور مالی دیوالیہ پن کا سامنا کر رہا ہے۔
بقول نجم سیٹھی، آئندہ چند دنوں میں سیاسی محاذ آرائی عروج پر پہنچ جائے گی۔ اپوزیشن کے پاس تمام کارڈز ہیں لیکن عمران خان ایک ترپ کے پتے کے ذریعے کھیل تبدیل کرنے کا دعویٰ کررہے ہیں۔ آخری تجزیے فوجی میں اسٹیبلشمنٹ اور سپریم کورٹ ہیں جن کے فیصلے طاقت کے توازن کو کسی طرف جھکائیں گے۔ اگر دونوں غیر جانبدار رہیں تو جمہوریت، قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی کو بحال کر کے ملک کی غلطیوں کو درست کیا جا سکتا ہے۔
Imran is on ventilator he will die at any moment Najam Sethi ] video
