عمران اسماعیل کا پی ٹی آئی کو مفاہمت کا راستہ اختیار کرنے کا مشورہ

 

 

 

تحریک انصاف کے سابق رہنما عمران اسماعیل نے پی ٹی آئی کو مزاحمت کے بجائے مفاہمت کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی والے اس آگ کو ٹھنڈا کر کے مفاہمت کی بات کریں ورنہ ندامت کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔

سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کراچی میں سابق رکن قومی اسمبلی محمود مولوی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ فیض حمید کو سزا کے بعد پی ٹی آئی سمیت جو بھی سہولت کار تھے ہوشیار ہوجائیں،ان کا بھی احتساب ہوگا۔

عمران اسماعیل نے کہاکہ پاک فوج نے انتہائی طاقتور شخص کو احتساب کے عمل سے گزارا۔

سابق رہنما پی ٹی آئی عمران اسماعیل نے کہاکہ ہمیں ملکی ترقی کےلیے آپس کے جھگڑوں اور اختلاف کو ایک جگہ رکھ کر ساتھ چلنا پڑے گا۔

عمران اسماعیل نے کہا کہ پی ٹی آئی ہمیشہ پیپلزپارٹی سے بات نہ کرنے کا کہتی ہے،اس وقت پی ٹی آئی کی جیل سے باہر موجود قیادت نااہل ہے۔پی ٹی آئی کو چاہیے کہ مزاحمت نہیں مفاہمت کی بات کرے،ورنہ صرف ندامت ہی ہوگی۔

سابق رکن قومی اسمبلی محمود مولوی نے کہا کہ فیض حمید سے ’فیض یاب‘ ہونےوالوں کےلیے اچھی خبر نہیں۔پی ٹی آئی نے فیض حمید سے بھرپور فائدے اٹھائے، اور اس شخص کی وجہ سے اداروں کو نقصان پہنچا،لیکن اب سب کا احتساب ہوگا۔کسی کو بھی ملک کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

عمران خان کا پیغام آچکا، اب آزادی یا موت : سہیل آفریدی

محمود مولوی نے کہاکہ ملک میں نئے انتظامی یونٹس کی بات ہورہی ہے لیکن کچھ لوگ اس کی مخالفت کر رہے ہیں جو درست نہیں،کیوں کہ پنجاب میں تو پیپلزپارٹی خود نئے صوبے کےلیے قرارداد لائی تھی۔ملک کی آبادی میں اضافہ ہوچکا ہے،اس لیے نئے انتظامی یونٹس بنانا ناگزیر ہے،سندھ میں دو یا تین انتظامی یونٹس بنتے ہیں تو اس میں کوئی قباحت نہیں۔

 

 

 

 

Back to top button