عمران کا 50 روپے فی کلو میٹر سفر قوم کو ایک ارب روپے میں پڑا
اپنے دور حکومت میں سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری عمران خان کے ہیلی کاپٹر کے جس سفر کو 50 سے 55 روپے فی کلو میٹر کا خرچہ قرار دیتے رہے، اب انکشاف ہوا ہے کہ
وہ سفر اگست 2018 سے مارچ 2022 تک قومی خزانے کو ایک ارب روپے میں پڑا۔
وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگ زیب نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے اپنی رہائش گاہ بنی گالا سے وزیراعظم کے دفتر آنے کے لیے ہیلی کاپٹر کا جو استعمال کیا، اس پر مارچ 2022 تک 98 کروڑ 43 لاکھ روپے سے زائد خرچ ہوئے۔ مریم اورنگ زیب نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے فوری بعد عمران کے ہیلی کاپٹر پر خرچ کی تفصیلات جاری کیں۔ دستاویزات کے مطابق وزیراعظم آفس سے بنی گالا کا سفر 15 کلومیٹر ہے اور ہیلی کاپٹر کی پرواز کا ایک گھنٹے کا خرچ 2 لاکھ 75 ہزار روپے ہے۔ بتایا گیا کہ ہیلی کاپٹر کے استعمال پر اوسطاً 8 لاکھ روپے یومیہ خرچ ہوا۔
اعداد وشمار میں بتایا گیا کہ مینٹیننس کے لیے 51 کروڑ 20 لاکھ روپے اور پرواز کے دوران اخراجات 47 کروڑ 20 لاکھ روپے ہوئے۔ اگست 2018 سے مارچ 2022 تک ہیلی کاپٹر کی 2 ہزار 723 گھنٹے کی پروازیں ہوئیں اور فی گھنٹہ خرچ 2 لاکھ 75 ہزار ہے۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق عمران خان کی سالانہ پروازوں کے مجموعی گھنٹے اور اخراجات کچھ یوں ہیں:
• اگست سے دسمبر 2018 تک 289 گھنٹے سفر کے اخراجات 3 کروڑ 79 لاکھ روپے رہے۔
• 2019 میں 742 گھنٹے سفر کے اخراجات 13 کروڑ 19 لاکھ روپے رہے۔
• 2020 میں 729 گھنٹے سفر کے اخراجات 14 کروڑ 36 لاکھ روپے رہے۔
• 2021 میں 800 گھنٹے سفر کے اخراجات 12 کروڑ 38 لاکھ روپے رہے۔
• جنوری سے مارچ 2022 تک 164 گھنٹے سفر کے اخراجات 3 کروڑ 51 لاکھ روپے رہے۔
وزیر اعظم کے ہیلی کاپٹر کی مینٹیننس پر اگست 2018 سے مارچ 2022 تک 50 کروڑ روپے سے زائد کا خرچ آیا۔ یوں ٹوٹل رقم 98 کروڑ روپے سے زائد کی بن جاتی ہے۔ یاد رہے کہ عمران دور حکومت میں فواد چوہدری نے دعوی ٰکیا تھا کہ وزیراعظم ہیلی کاپٹر پر سفر اس لیے کرتے ہیں کہ وہ گاڑی سے بھی سستا پڑتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے ہیلی کاپٹر کے سفر کا خرچہ پچاس سے پچپن روپے ہے۔
دوسری جانب ناقدین نے اعتراض کرتے ہوئے فواد چوہدری کو بتایا تھا کہ عمران خان کی بنی گالا رہائش گاہ سے وزیر اعظم سیکرٹیریٹ کا فاصلہ 15 کلومیٹر بنتا ہے۔ ہوابازی کی زبان میں یہ فاصلہ 8 ناٹیکل میل بنتا ہے۔ جو ہیلی کاپٹر بنی گالا آتا جاتا ہے وہ آگسٹا ویسٹ لینڈ کمپنی کا ہیلی کاپٹر ہے جسے AW139 کہا جاتا ہے۔ اس کے ساتھ کے سات ہیلی کاپٹر حکومتِ پاکستان کی ملکیت ہیں جن میں دو سویلین ہیلی کاپٹر وزیرِاعظم کے زیرِاستعمال رہتے ہیں۔
عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد میں میری حمایت شامل تھی
ایک ہیلی کاپٹر کو سٹارٹ کرنے پر ہی ہزاروں کا خرچ آتا ہے بے شک وہ اڑے یا نہ اڑے تو یہ بچپنے والی بات ہے جو کم علمی سے زیادہ کچھ نہیں اس ہیلی کاپٹر کا فی ناٹیکل میل خرچ 13 ڈالر یعنی 1600روپے بنتا ہے۔ اسے آٹھ سے ضرب دیں تو یہ خرچ 104 ڈالر بنتا ہے جو روپوں میں 12800 روپے سے زیادہ بنتا ہے۔ لیکن اب فواد کا یہ جھوٹ دستاویزا ت کی روشنی میں بھی ثابت ہو گیا ہے۔
Imran journey of Rs 50 per km cost nation one billion rupees video