پی آئی اے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچانے کے ذمہ دار عمران خان اور غلام سرور ہیں : خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی دور کے وزیر ہوا بازی غلام سرور خان کے غیر ذمہ دارانہ بیان نے قومی ایئرلائن کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، عمران خان اور غلام سرور نے مل کر پی آئی اے کو "قبرستان” میں تبدیل کر دیا۔ ان دونوں نے قومی ایئرلائن کو تباہی کے دہانے پر پہنچایا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھاکہ پاکستان کا دوبارہ ائیر سیفٹی لسٹ میں شامل ہونا ایک اہم پیش رفت ہے اور خوش اسلوبی سے پی آئی اے پر عائد پابندیاں ختم کردی گئی ہیں۔ ان پابندیوں کے باعث قومی شناخت اور اربوں روپے کا نقصان ہوا۔
وفاقی وزیر خواجہ آصف نے بتایا کہ قومی ایئرلائن کے ساتھ ساتھ ایک نجی ایئر لائن کو بھی برطانیہ نے پروازوں کی اجازت دی ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ نیویارک کےلیے پروازیں بھی جلد بحال ہوں اور پاکستان بیرون ملک پروازوں کے لیے آپریٹنگ لائسنس کے حصول کی کوشش کر رہا ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ سابق وزیر ہوا بازی غلام سرور کے اقدامات کے باعث پی آئی اے پر پابندیاں لگیں۔ ان کا دیا گیا بیان نہ صرف جھوٹا ثابت ہوا بلکہ ادارے کے خلاف ایک سنگین قومی جرم بھی تھا، جس میں عمران خان بھی برابر کے شریک تھے۔ ان دونوں نے قومی ایئرلائن کو تباہی کے دہانے پر پہنچایا۔
مرکزی رہنما مسلم لیگ ن خواجہ آصف کا کہنا تھاکہ پابندیاں کیوں لگیں، اس کی مکمل جانچ حکومت کی ذمہ داری ہے۔ اس سلسلے میں ادارہ جاتی سطح پر کارروائی کی جائے گی اور کابینہ اجتماعی طور پر اس کا فیصلہ کرے گی۔
لیگی رہنما نے مزید کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے گزشتہ تین سال کے دوران قومی ایئرلائن کی بحالی میں ذاتی دلچسپی لی،جس کے نتیجے میں آج کامیابی حاصل ہوئی۔
خواجہ آصف نے کہا کہ اب پی آئی اے کو بہتر قیمت پر نجکاری کےلیے پیش کیا جاسکتا ہے۔ ایوی ایشن انڈسٹری کے دروازے ہمارے لیے کھل چکے ہیں اور اب لندن کےلیے براہ راست پروازیں ممکن ہوں گی، دبئی کے راستے جانے کی مجبوری ختم ہوگئی ہے۔
برطانیہ نے پاکستانی ایئر لائنز پر عائد پابندیوں کا خاتمہ کردیا
یادرہے کہ برطانیہ نے پاکستانی ایئر لائنز پر طویل عرصے سے عائد پابندیاں ختم کردی ہیں۔ برطانوی ہائی کمیشن کے مطابق، اب پاکستانی ایئر لائنز برطانیہ کےلیے پروازوں کی اجازت کےلیے درخواست دے سکتی ہیں۔
