جیل میں سہولیات نہ ملنےپرعمران خان کاہائیکورٹ سےرجوع

تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان نے جیل میں سہولیات نہ ملنےپرسپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائرکردی۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے اپنے وکلاء ظہیر عباس، عثمان گل اور خالد یوسف کے توسط سے ہائیکورٹ سے رجوع کیا، جس میں بہتر کلاس کی جیل سہولیات فراہم کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سپرنٹنڈنٹ جیل سہولیات میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔ عمران خان کو اخبارات، ٹی وی اور ورزش کے سامان تک رسائی نہیں دی جا رہی، جب کہ ذاتی لباس اور بستر کی فراہمی میں بھی دانستہ تاخیر کی جا رہی ہے۔
درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ذاتی معالج سے معائنے میں رکاوٹ ڈالی جا رہی ہے اور عدالت کے منظور کردہ میڈیکل پینل کے انتظامات کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔
مزید کہا گیا ہے کہ جیل میں بلاوجہ بجلی بند کی جا رہی ہے اور عدالتی احکامات کے باوجود عمران خان کو اپنے بیرونِ ملک بیٹوں سے بات کرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔
درخواست میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ سہولیات کی نگرانی کے لیے ایک افسر تعینات کیا جائے اور ہر ہفتے عدالت میں تعمیلی رپورٹ پیش کی جائے۔
