عمران خان کی حفاظتی ضمانت کی درخواستوں پر اعتراض عائد

سابق وزیراعظم عمران خان کی حفاظتی ضمانت سے متعلق درخواستوں پر لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے اعتراض عائد کر دیا گیا ہے۔
عمران خان کی حفاظتی ضمانت کی درخواستوں میں کچھ دستاویزات نہیں لگائی گئیں جس پر لاہور ہائی کورٹ آفس کی جانب سے دستاویزات درخواستوں کے ساتھ منسلک کرنے کی ہدایت کی گئی، اعتراض کے بعد عمران خان کے وکلاء نے متعلقہ دستاویزات لگانے کے لیے درخواستیں واپس لے لیں۔
خیال رہےکہ اسلام آباد پولیس گزشتہ روز توشہ خانہ کیس میں عدم پیشی پر سیشن کورٹ اسلام آباد کی ہدایت پر عمران خان کا وارنٹ لےکر ان کی رہائش گاہ زمان پارک پہنچی تھی تاہم عمران خان گرفتار نہ ہوسکے۔
عمران خان کی جانب سے توشہ خانہ کیس کے علاوہ اسلام آباد کے جوڈیشل کمپلیکس اور اسلام آباد ہائی کورٹ پر تحریک انصاف کے دھاوے کے دو مقدمات میں حفاظتی ضمانت کی درخواستیں دائر کی گئی ہیں تاہم درخواستوں پر لاہور ہائی کورٹ آفس نے اعتراض لگا دیا ہے۔
