سائفر کیس کے جیل ٹرائل کانوٹیفکیشن عدالت میں پیش،سماعت کل ہوگی

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفر گمشدگی کیس کی سماعت کل اڈیالہ جیل میں ہوگی، وزارتِ قانون کا نوٹیفکیشن آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت میں جمع کرا دیا گیا۔آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت قائم کی گئی خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے سائفر گمشدگی کیس کی سماعت کی۔
ایف آئی اے سپیشل پراسیکیوٹر ذوالفقارعباس نقوی، پی ٹی آئی وکلا بیرسٹر تیمور، شیراز رانجھا، خالد یوسف اور دیگر عدالت میں پیش ہوئے، شاہ محمود قریشی کی بیٹی مہر بانو و دیگر اور چیئرمین پی ٹی آئی کی بہنیں بھی کمرہ عدالت میں موجود تھیں۔
جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے عدالتی عملہ سے استفسار کیا کہ نوٹیفکیشن آیا ہے یا نہیں؟ عدالت کو بتایا گیا کہ ابھی جیل سماعت کا نوٹی فکیشن نہیں آیا۔خصوصی عدالت نے کہا کہ نوٹیفکیشن آتا ہے تب تک انتظارمیں رکھتے ہیں، نوٹیفکیشن آ جاتا ہے تواس کو دیکھ لیتے ہیں، آج آگیا تو ٹھیک ہے ورنہ ملزمان کو پیش کرنے کا حکم دیں گے۔
