عمران خان نے کل سے ترسیلات زر نہ بھیجنے کی کال دیدی
پی ٹی آئی کےبانی عمران خان کاکہنا ہے کہ حکومت کا کمیشن بنانےکاارادہ نہیں ہے، کل سےترسیلات زر نہ بھیجنے کی کال پرعمل شروع کردیاجائے۔
اڈیالہ جیل کے باہرگفتگو میں علیمہ خان کا کہناتھاکہ جب یہاں سے سزا ہوتی ہے تو ہائی کورٹ سے ریلیف مل جاتاہےاورالقادر ٹرسٹ کا کیس ہائیکورٹ جائےگا جس میں چھ مہینے لگ سکتے ہیں، اگلے3سے4مہینے تو بانی پی ٹی آئی عمران خان پکے جیل میں رہیں گے۔
علیمہ خان نے کہا کہ جو 26 نومبر کو احتجاج میں گرفتار ہوئے ان پر مزید مقدمات بنائے جارہےہیں۔
علیمہ خان کا کہنا تھاکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نےکہا کہ میرے2مطالبات ہیں لیکن حکومت کی نیت نہیں کہ لوگوں کو رہا کیا جائے، اگر حکومت نےکل تک9 مئی اور 26 نومبر پر کمیشن بنانے کا مطالبہ نہ مانا تو ترسیلات زر نہ بھیجنےکی کال پر عمل شروع ہوجائےگا۔عمران خان نے مزید کہاکہ حکومت کا کمیشن بنانےکا ارادہ نہیں ہے، کل کال پر عمل شروع کردیا جائے۔
علیمہ خان نے کہاکہ اس وقت جو ججز پی ٹی آئی کیخلاف فیصلے دے رہے ہیں ان کی ترقی ہورہی ہے، جبکہ حق کے ساتھ کھڑے لوگوں کو او ایس ڈی کیا جارہا ہے، تاہم عمران خان نے کہا ہے کہ ان لوگوں کو گھبرانا نہیں چاہیے کہ کیوں کہ ظلم کا نظام زیادہ دیر نہیں چل سکتا۔ عمران خان نے جوڈیشری کو واضح پیغام دیا ہے کہ قوم ان لوگوں کے ساتھ کھڑی ہے جو حق کا ساتھ دے رہے ہیں، اور یہ ایک دن ضرور سرخرو ہوں گے۔
بانی پی ٹی آئ عمران خان کی ہمشیرہ نے مزید کہاکہ عمران خان نے ظلم کے نظام کیخلاف جہاد کرنے کی اپیل کی ہے۔
خیال رہےکہ گزشتہ دنوں عمران خان نےحکومت سےمذاکرات کیلئےسول نافرمانی کی کال چند روز مؤخر کرنے کا اعلان کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارےمطالبات نہ مانے گئے تو دوبارہ سول نافرمانی کی کال دے دوں گا۔