عمران خان نے ہی سلمان اکرم راجہ کو سیکرٹری جنرل تعینات کیا ہے : بیرسٹر گوہر

شیر افضل مروت اور سلمان اکرم راجا میں جاری لفظی گولہ باری میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر سلمان اکرم راجا کی حمایت میں سامنے آگئے انہوں نے کہا کہ سلمان اکرم راجہ کو عمران خان کا اعتماد حاصل ہے۔ سلمان اکرم کو عمران خان نے ہی سیکرٹری جنرل تعینات کیا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ سلمان اکرم راجہ کو عمران خان نے ہی سیکرٹری جنرل تعینات کیا ہے،کس کو تعینات کرنا یا کس کو ہٹانا ہے یہ عمران خان کو ہی طےکرنا ہے،پہلےبھی ایسی تعیناتیاں ہوتی رہی ہیں۔

شیر افضل مروت کی جانب سے سلمان اکرم راجہ پر پارٹی قوانین کی خلاف ورزی کے الزام پر بیرسٹر گوہر کاکہنا تھاکہ ہماری پارٹی کا آئین ہی عمران خان ہیں تو یہ پارٹی کا اندرونی معاملہ ہے۔

حکومت کے ساتھ مذاکرات کےحوالے سے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ حکومتی کمیٹی کے ساتھ تیسری میٹنگ کریں گے اور لکھ کر نکات حکومت کے سامنےرکھیں گے۔

شیر افضل کا سلمان اکرم راجہ کو سیکریٹری جنرل ماننے سے انکار

یاد رہےکہ گزشتہ روز سلمان اکرم راجہ اور شیر افضل مروت نے ایک دوسرےکو تنقید کا نشانہ بنایاتھا۔

سلمان اکرم راجہ کاکہنا تھا کہ شیر افضل مروت روز ایک ایسا بیان دیتےہیں جس کا پارٹی سے کوئی تعلق نہیں ہوتا،انہیں پارٹی پالیسی کا ادراک نہیں،انہیں ٹی وی چینل والے بلالیتے ہیں تو انہوں نے کچھ نہ کچھ کہنا ہوتا ہے اور وہ کہہ دیتےہیں۔

سلمان اکرم راجہ کے الزامات کا جواب دیتےہوئے شیر افضل مروت کاکہنا تھاکہ سلمان اکرم راجہ پارٹی آئین کےمطابق سیکرٹری جنرل بن ہی نہیں سکتے،ہم اگر پارٹی آئین کو پامال کریں گے تو پاکستان کے آئین کی بات کس طرح کریں گے۔

شیر افضل مروت کاکہنا تھا کہ سلمان اکرم راجہ ایک سال پہلے پارٹی میں آیا اور اب مجھےسمجھا رہا ہے۔

Back to top button