عمران خان کو فوج کے ساتھ کشیدگی کم کرنے کا مشورہ دیا ہے : فواد چوہدری
سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ انہوں نے عمران خان سے ملاقات میں کہا کہ انہیں اور پی ٹی آئی کو چاہیے کہ وہ افراد کے بجائے ایشوز پر توجہ دیں۔ فواد چوہدری نے عمران خان کو مشورہ دیاگیا کہ وہ فوج اور اس کی اعلیٰ قیادت کے معاملےمیں درجہ حرارت میں کمی لائیں۔
فواد چوہدری نے پیر کو اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کی،اپنی اس ملاقات کےحوالے سے فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ انہوں نے عمران خان سے کہاکہ انہیں اور پی ٹی آئی کو چاہیے کہ وہ افراد کے بجائے ایشوز پر توجہ دیں اور فوج اور اس کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ کشیدگی کم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ سیاست میں پی ٹی آئی کو جائز اسپیس مل سکے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ انہوں نے عمران خان سے پارٹی اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان کشیدگی کم کرنے کےلیے بیرون ملک سے اپنے ایکس (سابقہ ٹویٹر) اکاؤنٹ کا کنٹرول پاکستان واپس لانےکو بھی کہا۔ عمران خان کا ایکس اکاؤنٹ آرمی چیف سمیت ملٹری اسٹیبلشمنٹ پر تنقید کےلیے استعمال کیا جارہا ہے۔
فواد چوہدری کی طرح پی ٹی آئی کےکئی سینئر رہنما بھی یہی چاہتے ہیں کہ عمران خان کا جارحانہ انداز سے استعمال ہونےوالا ایکس اکاؤنٹ کنٹرول میں رکھا جائے کیوں کہ اس اکاؤنٹ اور پارٹی کے سوشل میڈیا کو فوج مخالف مہمات کےلیے استعمال کیا جارہا ہے۔
تاہم وہ پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا پر ممکنہ ردعمل کےخوف سے عوام میں اپنی رائے کا اظہار کرتےہیں اور نہ ان میں عمران خان پر فوج اور اس کی اعلیٰ کمان پر حملے بند کرانے کےلیے اصرار کرنے کی جرأت ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان ان کے مشورے کا مثبت جواب دیں گے۔ ان کے مطابق عمران خان اور پی ٹی آئی کو معمول کی سیاست میں واپس لانے کےلیے یہ کرنا پڑےگا۔
فواد چوہدری نے کہاکہ رواں ماہ کی 19 تاریخ کو دوبارہ عمران خان سےملاقات کریں گے اور انہیں اس سلسلے میں قائل کرنے کی کوشش کرتےرہیں گے۔
عمران خان کا پارٹی رہنماؤں کی درخواست پر سول نافرمانی تحریک مؤخر کرنے کا اعلان
سابق وفاقی وزیر کےمطابق پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا کو بھی چاہیےکہ وہ پاکستان کے دشمنوں اور ان کے سوشل میڈیا پر فوج مخالف پروپیگنڈے سےدور رہے۔