وفاداری تبدیل کرنے میں عمران خان استاد ہیں، منحرف رکن

حکمران جماعت تحریک انصاف کے منحرف ممبر قومی اسمبلی احمد حسن ڈیہڑ نے کہا ہے کہ پارٹی وفاداری تبدیل کرنے میں عمران خان کو اپنا استاد مانتا ہوں. جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے تحریک انصاف کے ایم این اے ملک احمد حسن ڈیہڑ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ن لیگ کے 12 ایم پی ایز سے مل کر وفاداری تبدیل کرنے کی بنیاد رکھی.
انہوں نے کہا کہ عمران خان صاحب نے کہا دوسری پارٹی کے لوگوں کو ساتھ ملا رہا ہوں، دوسری پارٹی کے لوگوں کو ملانا بےغیرتی نہ سمجھا جائے. انہوں نے کہا کہ اگر پارٹی کی تبدیلی بری چیز ہے تو میں اس کے لیے عمران خان کو اپنا استاد مانتا ہوں.
انہوں نے عمران خان کی وکٹ گرانے والے سیاسی جملے کو بھی ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ اگر دوسری پارٹی کے اراکین وفاداریاں تبدیل کر کے تحریک انصاف میں آئیں تو خان صاحب کہتے ہیں کہ وکٹ گر گئی جبکہ اپنی پارٹی سے کوئی انحراف کرے تو واویلا کرتے ہیں. احمد حسن دیہڑ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے نیوٹرل کو جانور کہہ کر بڑی خوبصورتی سے میسج دیا ہے.
پی ٹی آئی کی حکومت گئی تو وزارت سے علیحدہ ہو جاؤں گا
انہوں نے کہا کہ حکومت ملکی مسائل کی بجائے عالمی مسائل میں الجھے ہوئے ہیں اور کہتے ہیں کہ آٹے دال کی قیمتوں میں مت الجھاو، عمران خان صاحب بتائیں کہ اب تک ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ باہر کیوں نہیں نکل سکے. انہوں نے کہا کہ عمران خان کی شکل نہیں نظریہ دیکھ کر ان کے ساتھ چلنے کا اعلان کیا تھا. انہوں نے شاہ محمود قریشی کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا، ان کا کہنا تھا کہ شاہ محمود قریشی ہمیشہ مائنس ون کی پالیسی پر چلتے ہیں، اسی وجہ سے زرداری نے ان کو پارٹی سے بے دخل کر دیا تھا، وہ اب بھی مائنس ون کے حق میں ہیں.
