عمران خان بالکل تندرست ہیں، معمول کا طبی معائنہ ہوا : عطاء اللہ تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے عمران خان کی صحت سے متعلق خبروں کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان بالکل صحت مند ہیں، انہیں آنکھوں کے معائنے کےلیے ہسپتال لے جایا گیا تھا۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہاکہ گزشتہ ہفتے آنکھوں کے طبی ماہرین نے اڈیالہ میں عمران خان کا معائنہ کیا،ماہرین کی سفارش پر انہیں پمز لےجایا گیا جہاں ان کی آنکھوں کا معائنہ کیاگیا اور یہ کارروائی 20 منٹ تک تھی۔
وفاقی وزیر عطا تارڑ نے کہا کہ معمول کی طبی کارروائی کے بعد عمران خان کو ضروری ہدایات کے ساتھ پھر اڈیالہ منتقل کر دیا گیا۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ تمام قیدیوں کو ڈاکٹر تک رسائی دی جاتی ہےاور یہ رولز کےمطابق ہیں لہٰذا عمران خان بالکل صحت مند ہیں۔
عمران کی آنکھوں میں معمولی انفیکشن ہے یا کوئی سنگین مرض؟
یاد رہے کہ کچھ دنوں سے سوشل میڈیا پر عمران خان کو پمز ہسپتال لے جانے کی خبریں زیر گردش تھیں جس پر حکومت کی طرف سے کوئی وضاحت سامنے نہیں آئی تھی۔
تحریک انصاف کے مطابق عمران خان کی دائیں آنکھ کی ریٹینل وین میں رکاوٹ (Central Retinal Vein Occlusion) پیدا ہوگئی ہے،جس کے باعث بینائی کےلیے خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔
