عمران خان فوج میں رخنہ ڈالنے کی سازش کر رہے ہیں

اپنی متنازع حرکتوں اور بیانات کی وجہ سے خبروں میں "ان” رہنے والے پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے عمران خان کو ایک بے غیرت شخص قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو ہٹانے اور فوج میں بغاوت کرانے کیلئے عمران خان کو مینڈیٹ نہیں دیا تھا۔

ایک جذباتی ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ میرے پاس ثبوت موجود ہیں کہ عمران خان نے فوج میں رخنہ ڈالنے اور آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کو ان کے عہدے سے ہٹانے کی سازش کی، انہوں نے دعوی کیا کہ وزیر اعظم نے خود مجھ سے کہا تھا کہ میں جنرل باجوہ کو ہٹانے جا رہا ہوں، عامر نے کہا کہ میں نے عمران کو ووٹ اسلیے نہیں دیا تھا کہ وہ فوج کے خلاف سازش کرے، لہذا اب میرا ووٹ اپوزیشن کے ساتھ جائے گا کیونکہ آصف زرداری نامی جس شخص کو عمران سیاست کی بیماری کہتا ہے وہ اب ایک سیاسی بیداری کی تحریک بن چکا ہے۔

اپنے ویڈیو بیان میں عامر لیاقت کا کہنا تھا کہ عمران خان نے طاقت کے نشے میں اندھے ہو کر آئین کو پامال کیا۔ تحریک عدم اعتماد پیش ہونے کے بعد وزیراعظم کسی بھی صورت قومی اسمبلی کو نہیں توڑ سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس عمل میں ایک اور خطرناک بات یہ ہے کہ ڈپٹی سپیکر قاسم سوری پی ٹی آئی بلوچستان کا صدر ہے۔ اس نے بطور ایک پی ٹی آئی عہدیدار قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد مسترد کرنے کی رولنگ دی، بطور ڈپٹی سپیکر کے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں ایک روایت رہی ہے کہ کبھی بھی سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے عہدے رکھنے والے لوگ پارٹی کے عہدے نہیں رکھتے لہذا میں سپریم کورٹ سے کہتا ہوں کہ اس بات کو نوٹ کر لیں۔

عامر لیاقت نے عمران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ خان صاحب میں منحرف نہیں تھا اور نہ ہی ہوں۔ آپ کے لوگوں نے مجھے لوٹا کہا، اور اب میں ان کی ”ٹوٹیاں” مروڑ دوں گا۔ عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے عامر کا کہنا تھا کہ کیا دیدیں گے آپ مجھے اور آپکے لوگ؟ کیا میں کوئی بکنے والا انسان ہوں۔ میری کوئی قیمت نہیں۔ آپ تو میرا ہاتھ پکڑ کر مجھے پی ٹی آئی میں شامل کرانے لائے تھے۔

عامر لیاقت نے کہا کہ سوشل میڈیا پر عمران کے ساتھی مجھے غدار ثابت کرنے پر تلے ہوئے ہیں لیکن میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ پاکستان کا سب سے بڑا غدار خود عمران خان ہے۔ عامر کا کہنا تھا کہ خان صاحب میں آپ کو بتانا چاہتا ہوں کہ آپ نے اراکین قومی اسمبلی کو غدار قرار دیدیا ہے۔ میں آپ کو بتانا چاہتا ہوں کہ ہم میں سے کوئی بھی غدار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے تو دل کی تکلیف تھی، میں تو عدم اعتماد ووٹنگ کے عمل میں شرکت کیلئے قومی اسمبلی کے اجلاس میں شریک ہی نہیں ہو سکا لیکن اس کے باوجود آپ نے مجھے بھی غدار قرار دیدیا۔

عامر لیاقت نے عمران خان کو ”غدار” قرار دیتے ہوئے کہا کہ کل تک میں تمہارے ساتھ تھا لیکن اب میں تمہارے خلاف ووٹ دوں گا۔ میں آج ان لوگوں کیساتھ کھڑا ہوں جو لوگ غدار نہیں ہیں۔ عامر نے کہا کہ عمران خان تم نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو عہدے سے ہٹانے سازش کی۔ میں اس بات کا گواہ ہوں کہ تم نے مجھے بلا کر یہ بات کی تھی اور کہا تھا کہ میں جنرل باجوہ کو ہٹانے والا ہوں۔ عامر لیاقت نے کہا کہ عمران میں تمہاری اور بھی بہت سی باتیں جانتا ہوں، جنھیں اگر میں نے دنیا کو بتا دیا تو بڑی قیامت آ جائے گی۔

مشیر قومی سلامتی معید یوسف نے استعفیٰ دے دیا

عامر لیاقت نے کہا کہ میں چپ بیٹھا ہوں لیکن تمہاری طرح نہیں ہوں جو ٹیلی وژن پر آ کر راز کھولتا پھرے۔انہوں نے کہا کہ میں تمہاری طرح نہیں ہوں جو جعلی خط لہرا لہرا کر جھوٹے الزام عائد کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمہارا خط جعلی ہے جو امریکا میں تعینات سفیر سے لکھوایا گیا اور اس سازش میں شاہ محمود قریشی بھی شریک تھے۔ عامر نے عمران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تم نے فوج میں بغاوت کرانے کی کوشش کی۔ تم نے کوشش کی کہ ایک کور کمانڈر کو آگے لا کر آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کو عہدے سے ہٹا دو۔ لیخن تم جنرل باجوہ کو ہٹا کر دکھائو، تمہارا باپ بھی ان کو نہیں ہٹا سکتا۔

عامر لیاقت حسین نے سخت غصے میں بنائی گئی اپنی ویڈیو میں کہا کہ ایوان صدر میں جو دندان ساز بیٹھا ہوا ہے، اس سے کہو کہ الٹے سیدھے احکامات جاری کرنا چھوڑ دے۔ میں آج خاص طور پر بات کہنا چاہتا ہوں کہ جس کی سیاست کو ہم ہمیشہ برا بھلا کہتے رہے، وہ سیاست کی سب سے بڑی بیماری نہیں بلکہ آصف علی زرداری سب سے بڑی بیداری بن کر سامنے آیا ہے۔

Imran Khan is conspiring to disrupt the army | video

Back to top button