عمران خان کو مرضی کا کھانا اور مکمل سہولیات مل رہی ہیں، وزیر قانون

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کو جیل میں ان کی مرضی کے مطابق کھانا فراہم کیا جا رہا ہے اور ان کی صحت بالکل درست ہے۔

قومی اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے بتایا کہ قیدیوں سے ملاقات کا اختیار جیل سپرنٹنڈنٹ کے پاس ہوتا ہے اور قیدی کے رویے کو مدنظر رکھتے ہوئے ملاقاتوں کا تعین کیا جاتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وفاقی حکومت اس معاملے میں جیل حکام کو کوئی ہدایات نہیں دیتی۔

وزیر قانون نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی کو عمران خان سے متعلق رپورٹ پیش کی جا چکی ہے، جس کے مطابق انہیں مطلوبہ سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، ان کی صحت تسلی بخش ہے اور ہر ہفتے ان کی اہلیہ سے ملاقات بھی کرائی جاتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جیل مینوئل کے تحت سزا یافتہ افراد سیاسی سرگرمیوں یا معاملات پر گفتگو نہیں کر سکتے۔ ان کے مطابق یہ معاملہ عدالت اور جیل انتظامیہ کے دائرہ اختیار میں آتا ہے، تاہم وہ اس حوالے سے رپورٹ حاصل کر کے ایوان میں پیش کریں گے۔

Back to top button