ترکیہ سے آفرملی نہ عمران خان باہرجانےکیلئےتیار ہیں،حکومت

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کاکہناہے کہ تحریک انصاف کے بانی عمران خان کو ترکیہ کوئی آفرملی نہ وہ بیرون ملک جانے کیلئےتیار ہیں۔
عطا اللہ تارڑ نے بتایا کہ ان کے علم میں ایسی کوئی بات نہیں ہے کہ عمران خان کو ترکیہ آنے کی آفر دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ وہ 2 سے 3 مرتبہ وزیراعظم کے ہمراہ ترکیہ کے دورے پر گئے ہیں اور وہاں ان کی ترک صدر طیب اردوان سے ملاقات بھی ہوئی، لیکن کبھی طیب اردوان نے یا کسی اور حکومتی نمائندے نے عمران خان کو ترکیہ آنے کی دعوت نہیں دی۔
انہوں نے کہا کہ مشاہد حسین سید ہی بہتر بتا سکتے ہیں کہ طیب اردوان نے کب اور کس طرح عمران خان کو ترکیہ آنے کی دعوت دی۔
سینیئر سیاستدان شیر افضل مروت نے کہا کہ اگر طیب اردوان نے عمران خان کو ترکیہ آنے کی دعوت دینی تھی تو بہتر ہوتا کہ وہ حکومت کو دعوت دیتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان اگر خود یہ دعوت قبول بھی کر لیں تو وہ بیرون ملک نہیں جا سکتے، تاہم یہ اچھی بات ہے کہ ایک اسلامی ملک اس معاملے میں دلچسپی لے رہا ہے کہ عمران خان کو جیل سے باہر آنا چاہیے۔
واضح رہے کہ سینیئر سیاستدان اور سابق سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ ترک صدر طیب اردوان نے عمران خان کو ترکیہ آنے کی آفر دی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بڑے مسائل حل کرنے کے لیے یہ مسئلہ حل ہونا ضروری ہے، دہشتگردی اور معیشت کی بحالی وقت کی اہم ضرورت ہے جس کے لیے سیاسی تصفیہ ضروری ہے۔
